نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف حصوں میں آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران شدید بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ اس دوران نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ، ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
اتھارٹی نے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، اور ممکنہ خطرات سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ خاص طور پر ندی نالوں کے قریب رہنے والے افراد کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
کراچی میں بھی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ شارع فیصل، گلستان جوہر، ملیر، آئی آئی چندریگر روڈ اور اطراف کے علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی ہے، جس سے سڑکوں پر پانی جمع ہونے لگا ہے۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ شہر میں بارش دوبارہ شروع ہوگئی ہے، اس لیے سفر کرنے سے پہلے سڑکوں کی صورتحال ضرور چیک کریں۔ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں 1915 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
ملک میں بارشوں اور سیلاب سے اموات 657 تک پہنچ گئیں، این ڈی ایم اے
این ڈی ایم اے، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے الرٹ پر ہیں، تاہم شہری تعاون اور احتیاطی اقدامات سے نقصانات کم کیے جا سکتے ہیں۔