ملک بھر میں شدید بارشوں اور سیلاب کا خطرہ، این ڈی ایم اے کا ہائی الرٹ جاری

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

این ڈی ایم اے نے 29 جون سے 5 جولائی تک شدید مون سون بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ اور اربن فلڈنگ کے خطرے پر ملک گیر الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت دی ہے۔

اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آج سے 5 جولائی تک ملک بھر میں شدید مون سون بارشوں اور ان کے نتیجے میں ممکنہ سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور اربن فلڈنگ کا انتباہ جاری کر دیا ہے۔

latest urdu news

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، پوٹھوہار، مری، گلیات، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور اور بالاکوٹ میں موسلادھار بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ ان علاقوں میں رہائش پذیر افراد اور سیاحوں کو خصوصی احتیاط برتنے کی تاکید کی گئی ہے۔

خیبرپختونخوا کے پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، سوات، کوہاٹ، چترال، ڈی آئی خان، مردان اور بنوں جیسے علاقوں میں اربن فلڈنگ کے امکانات ہیں، جبکہ دریائے کابل اور سوات کے بہاؤ میں بھی نمایاں اضافہ متوقع ہے۔

پنجاب کے راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، نارووال، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، شیخوپورہ اور قصور میں شدید بارشوں سے نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتِ حال پیدا ہو سکتی ہے۔

ادھر سندھ کے شہروں کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ اور بدین میں 2 سے 5 جولائی کے دوران شدید بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جہاں اربن فلڈنگ کا خطرہ لاحق ہے۔

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ مسلسل بارشوں کے باعث کمزور عمارات، کچی دیواریں، بجلی کے کھمبے اور بل بورڈز گرنے کا خطرہ موجود ہے، جبکہ آندھی اور تیز ہواؤں کے باعث حدِ نگاہ کم ہونے کی وجہ سے حادثات پیش آ سکتے ہیں۔

اتھارٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ندی نالوں کو عبور کرنے سے گریز کریں، کمزور ڈھانچوں اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں، جبکہ سیاحوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ روانگی سے قبل موسم کی صورتِ حال سے مکمل باخبر ہوں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔

یاد رہے کہ مون سون سیزن کے دوران پاکستان کے مختلف علاقوں میں ہر سال جانی و مالی نقصان کا سامنا رہتا ہے، اس لیے پیشگی احتیاطی اقدامات اور بروقت آگاہی انتہائی ضروری ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter