این ڈی ایم اے نے ملک کے مختلف علاقوں میں 26 تا 28 جون موسلا دھار بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے خدشے پر الرٹ جاری کر دیا۔ شہریوں کو احتیاط برتنے اور ڈیزاسٹر ایپ سے رہنمائی لینے کی ہدایت۔
اسلام آباد، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے اگلے 24 تا 48 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں تیز بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق 26 تا 28 جون کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشیں متوقع ہیں، جن سے شہری و دیہی علاقوں میں نقصانات کا خدشہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسلام آباد، فیصل آباد، سرگودھا، میانوالی، ڈی جی خان اور راجن پور میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش متوقع ہے۔ پنجاب کے دیگر علاقوں میں لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، ملتان، بہاولپور اور رحیم یار خان شامل ہیں، جبکہ سندھ میں کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، سجاول، جامشورو، نوابشاہ اور لاڑکانہ کو سیلابی صورتحال کا سامنا ہو سکتا ہے۔
ادھر خیبرپختونخوا کے چترال، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور آزاد کشمیر کے مظفرآباد، نیلم ویلی، باغ، راولا کوٹ، حویلی اور ہٹیاں بالا میں شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ شہری حضرات بارش اور آندھی کے دوران کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں، کچی دیواروں اور بل بورڈز سے دور رہیں۔ تیز ہواؤں کے دوران حدِ نگاہ کم ہونے کے باعث ٹریفک حادثات کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت دی جا چکی ہے کہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کیے جائیں۔ عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ موسم سے متعلق تازہ ترین اطلاعات اور رہنمائی کے لیے ’’پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ‘‘ سے مدد حاصل کریں۔
یاد رہے کہ پاکستان میں مون سون کے دوران ہر سال شدید بارشیں اور سیلاب عوامی و مالی نقصانات کا باعث بنتے ہیں، جن سے بچاؤ کے لیے بروقت اقدامات ناگزیر ہیں۔