لاہور: مسلم لیگ (ق) کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب کے ضمنی انتخابات میں عوام نے جھوٹ اور نفرت کی سیاست کو مکمل طور پر رد کر دیا ہے۔ نومنتخب ارکانِ اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے بائیکاٹ کا اعلان تو کیا، مگر اسی دوران عمر ایوب کی اہلیہ الیکشن میں حصہ لے رہی تھیں، یہ کیسا بائیکاٹ تھا؟
نواز شریف کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے دورِ حکومت نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا۔ مہنگائی 39 فیصد تک جا پہنچی جب کہ ہمارے دور میں یہی شرح صرف 3 فیصد تھی۔ اگر ترقی کا سلسلہ نہ روکتا جاتا تو آج پاکستان عالمی سطح پر ایک مضبوط مقام رکھتا اور آئی ایم ایف کی فکر بھی نہ ہوتی۔
انہوں نے کہا کہ 2018 سے 2022 تک جو حالات پیدا کیے گئے، ان کے ذمہ دار پی ٹی آئی ہے۔ ملک میں نفرت، جھوٹ، فتنہ اور انتشار کی سیاست متعارف کرائی گئی، میرٹ کو پامال کیا گیا اور بدتمیزی کا کلچر عام ہوا۔ "بانی پی ٹی آئی صرف اکیلا مجرم نہیں، بلکہ اسے اقتدار تک پہنچانے والے بھی برابر کے ذمہ دار ہیں۔”
مزید کہا کہ ضمنی انتخابات کے نتائج نے واضح کر دیا کہ عوام نے منفی اور اشتعال انگیز سیاست کو مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے نئے ارکانِ اسمبلی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج ملک میں میرٹ کی بحالی، ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام، لیپ ٹاپ کی فراہمی، سڑکوں کی تعمیر، گرین بسوں کا آغاز اور امن و امان میں بہتری جیسے اقدامات جاری ہیں۔ ضرورت مندوں کو مذہب کی تفریق کے بغیر راشن کارڈ بھی فراہم کیے جارہے ہیں اور مزید منصوبے جلد سامنے آئیں گے۔
