بدھ, 4 جون , 2025

ن لیگ نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا اور میزائل ٹیکنالوجی دی، نواز شریف

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف لندن میں ایون فیلڈ پہنچ گئے، میڈیا سے گفتگو میں ملک کی ترقی، دفاعی اقدامات اور معیشت کے استحکام پر زور دیا، جبکہ عیدالاضحیٰ بھی لندن میں منانے کا اعلان کیا۔

latest urdu news

لندن: مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف خصوصی طیارے کے ذریعے لندن کے لوٹن ایئرپورٹ پہنچنے کے بعد ایون فیلڈ روانہ ہو گئے، جہاں انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ الیکشن جیتنے پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں اور یہ عوام کے اعتماد کا اظہار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن ملک کی ترقی اور استحکام میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے، جبکہ پچھلی حکومت نے معیشت اور نظام کو شدید نقصان پہنچایا۔

نواز شریف نے کہا کہ عوام کام کو ووٹ دیتے ہیں، اس لیے سیاست کے ساتھ ساتھ عملی اقدامات بھی ضروری ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ن لیگ نے ہی ملک کا دفاع مضبوط بنایا، ایٹمی دھماکے کئے، چین کے تعاون سے جے ایف 17 تھنڈر طیارے بنائے، اور پاکستان کو میزائل ٹیکنالوجی فراہم کی۔ معیشت پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کے دورِ حکومت میں روپیہ 4 سال تک مستحکم رہا اور ترقی کی شرح 7 فیصد کے قریب تھی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن پچھلی حکومت کی تباہ کاریوں کے بعد بتدریج بہتری کی طرف جا رہی ہے، ملکی حالات میں استحکام آ رہا ہے اور معیشت دوبارہ سنبھل رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق، نواز شریف کے ہمراہ ان کے صاحبزادے حسن نواز اور ذاتی معالج بھی لندن پہنچے ہیں۔ لندن میں قیام کے دوران نواز شریف اپنا مکمل طبی معائنہ کرائیں گے، جبکہ میڈیا رپورٹ کے مطابق وہ عیدالاضحیٰ بھی لندن میں ہی منائیں گے۔

یاد رہے کہ نواز شریف 2018 میں ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے بعد جیل گئے تھے، تاہم بعد ازاں طبی بنیادوں پر انہیں علاج کے لیے بیرونِ ملک جانے کی اجازت ملی۔ وہ گزشتہ کئی برسوں سے لندن میں مقیم ہیں اور ماضی میں بھی ایون فیلڈ فلیٹس سے سیاسی بیانات دیتے رہے ہیں، جنہیں مسلم لیگ ن کی سیاسی سرگرمیوں کا مرکز سمجھا جاتا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter