نواز شریف پارٹی کے مرکز ہیں، ن لیگ میں مائنس فارمولا نہیں چلتا: بیرسٹر عقیل ملک

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیرِ مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے واضح کیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے کبھی بھی نواز شریف کو مائنس نہیں کیا اور آج بھی ہر اہم فیصلے میں ان سے مشاورت کی جاتی ہے۔ جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے ہمیشہ خدمت کی سیاست کی ہے، موٹرویز کا جال بچھایا، ملک کو ایٹمی قوت بنایا اور ملک کی ترقی میں عملی کردار ادا کیا۔ ان کے مطابق نئی نسل کو یہ حقائق بتانا ضروری ہے تاکہ سیاسی بیانیوں کی حقیقت سامنے آسکے۔

latest urdu news

انہوں نے کہا کہ ن لیگ 9 مئی کی سیاست کی نمائندہ نہیں بلکہ ایٹمی پروگرام کی وارث ہے۔ ملک کے وقار اور سالمیت پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا گیا، اور جب بھی ن لیگ کے ساتھ ناانصافی ہوئی، اس کی نشاندہی کی گئی۔ بیرسٹر عقیل ملک نے زور دے کر کہا کہ نواز شریف نے کبھی آئی ایم ایف کو خطوط نہیں لکھے اور نہ ہی ملک کے خلاف کوئی اقدام کیا، اس لیے انہیں مائنس کرنے کا تاثر حقیقت کے برعکس ہے۔

وزیرِ مملکت نے کہا کہ قومیں محض نعروں اور تقاریر سے ترقی نہیں کرتیں۔ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے نواز شریف اور دیگر رہنماؤں کے خلاف کردار کشی کی کوششیں کی گئیں، اس کے باوجود ن لیگ نے کئی مرتبہ بات چیت کی دعوت دی۔ ان کے مطابق اب بہت ہوچکا، مگر پھر بھی ن لیگ جمہوری روایات پر یقین رکھتی ہے اور چاہتی ہے کہ سیاسی رویے بہتر ہوں۔

مائنس ون نہ مانا تو پوری پی ٹی آئی مائنس ہوگی: فیصل واؤڈا

انہوں نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس جماعت کے اندر جمہوریت نام کی کوئی چیز موجود نہیں، اور پی ٹی آئی کے آدھے سے زیادہ رہنما خود راستہ نکالنے کی بات کرتے ہیں۔ گورنر راج کے حوالے سے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ یہ آئینی عمل ہے مگر انتہائی ناگوار، تاہم کے پی کے میں ترقی کے مطالبات کے باعث اس پر سنجیدگی سے گفتگو ہو رہی ہے۔

پروگرام میں موجود پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ جب ریاست ظلم کرے گی تو عوام کہاں جائیں گے؟ ان کے مطابق پارلیمنٹ کو ربڑ اسٹیمپ بنا دیا گیا ہے، حکمران مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ن لیگ نے بھی سخت بیانات دیے، تاریخ گواہ ہے کہ سیاسی رہنماؤں کو غدار کہا جاتا رہا، فاطمہ جناح اور ذوالفقار علی بھٹو تک کو نشانہ بنایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو مائنس کرنے کی کوشش نہ کی جائے، وہ جمہوریت اور آئین کی بالادستی کی بات کرتے ہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter