لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی کے استعفے کے بعد واپڈا کے ممبر فنانس نوید اصغر چوہدری کو تین ماہ یا مستقل تعیناتی تک چیئرمین واپڈا کا عبوری چارج دے دیا گیا
اسلام آباد: ممبر فنانس واپڈا نوید اصغر چوہدری نے چیئرمین واپڈا کا عبوری چارج سنبھال لیا ہے۔ واپڈا ترجمان کے مطابق یہ چارج انہیں تین ماہ یا مستقل تعیناتی تک کے لیے دیا گیا ہے، اور اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
نوید اصغر چوہدری کی تقرری اس وقت عمل میں آئی جب موجودہ چیئرمین واپڈا، لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی نے ذاتی وجوہات کی بنا پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سجاد غنی کا استعفیٰ منظور کرنے کے لیے کابینہ ڈویژن کو ارسال کیا اور ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سجاد غنی نے قومی ادارے کو مؤثر انداز میں چلانے اور توانائی کے اہم منصوبوں کی نگرانی میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کی قیادت میں واپڈا نے کئی بڑے ترقیاتی منصوبے مکمل کیے، جن سے ملک کے توانائی اور پانی کے شعبے میں نمایاں بہتری آئی۔
یاد رہے کہ سجاد غنی نے 2022 میں چیئرمین واپڈا کا عہدہ سنبھالا تھا، اور ان کے دور میں دیامر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم جیسے اہم منصوبے نمایاں پیش رفت کے مراحل میں داخل ہوئے۔ اب نوید اصغر چوہدری کو اس عبوری دور میں ادارے کی قیادت کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔