صدر اور آرمی چیف سے متعلق افواہیں بدنیتی پر مبنی ہیں،محسن نقوی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ صدر اور آرمی چیف کو نشانہ بنانے والی مہم جھوٹ پر مبنی ہے، اور اس کے پس پردہ عناصر کو بخوبی جانتے ہیں۔

اسلام آباد، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ صدر، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کے خلاف بدنیتی پر مبنی افواہیں اور سازشی بیانیہ پھیلانے والوں کی نشاندہی کر لی گئی ہے۔ انہوں نے مائیکروبلاگنگ پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں واضح کیا کہ صدرِ پاکستان کو استعفیٰ دینے کا نہ تو کہا جا رہا ہے اور نہ ہی آرمی چیف کو صدر بنانے کی کوئی تجویز زیر غور ہے۔ انہوں نے اس تاثر کو سختی سے مسترد کیا کہ فوجی قیادت کسی سیاسی منصب کی خواہاں ہے۔

latest urdu news

محسن نقوی نے مزید کہا کہ صدرِ پاکستان اور مسلح افواج کے مابین باہمی احترام اور اعتماد پر مبنی مضبوط تعلقات قائم ہیں، اور یہ تاثر دینا کہ ان تعلقات میں کوئی دراڑ ہے، سراسر جھوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بخوبی جانتے ہیں کہ اس پروپیگنڈے کے پیچھے کون ہے، کیوں ہے، اور اس کا فائدہ کس کو ہو رہا ہے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل (آرمی چیف) صرف ملک کے استحکام، سلامتی اور ترقی پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں اور ان کی کسی سیاسی عہدے میں دلچسپی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ دشمن قوتیں، بالخصوص غیر ملکی ایجنسیاں، ملک میں افواہیں پھیلا کر انتشار پیدا کرنا چاہتی ہیں، لیکن ریاستی ادارے ایسی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کسی دباؤ یا سازش سے مرعوب ہوئے بغیر ملک کو مستحکم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی اور ایسے جھوٹے بیانیے کو ختم کرنا ضروری ہے جو عوام کو گمراہ کرنے کے لیے پھیلایا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ چند روز سے سوشل میڈیا پر ایسے دعوے سامنے آ رہے تھے کہ صدرِ پاکستان سے استعفے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے اور آرمی چیف کو صدر بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ ان افواہوں کو سیاسی و عوامی حلقوں میں تشویش کی نگاہ سے دیکھا گیا، جس پر حکومت کی جانب سے پہلی مرتبہ اس قدر وضاحت سامنے آئی ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter