گلگت بلتستان میں شدید بارشوں کے باعث نلتر ایکسپریس وے کا ایک وسیع حصہ سیلابی ریلے میں بہہ گیا، جس سے نلتر کے علاقے کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے اور متعدد سیاح راستے میں پھنس چکے ہیں۔
ترجمان جی بی حکومت نے بتایا کہ سیلاب کے باعث نلتر میں واقع تین بجلی گھر بند کر دیے گئے ہیں، جس سے علاقے میں بجلی کی سپلائی معطل ہے۔ علاوہ ازیں جگلوٹ گورو کے نشیبی علاقے بھی دریا کے طغیانی کے سبب زیر آب آ چکے ہیں، جس سے مقامی آبادی شدید متاثر ہوئی ہے۔
حکام کے مطابق بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور ندی نالوں میں پانی کی سطح بڑھتی جا رہی ہے، جس کی وجہ سے سیلاب کی صورتحال مزید خطرناک ہو سکتی ہے۔ ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں پہنچ چکی ہیں اور متاثرین کی مدد کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
خیبرپختونخوا، گلگت اور آزاد کشمیر میں طوفانی بارشوں سے تباہی، 330 سے زائد جاں بحق
انتظامیہ نے لوگوں سے احتیاط برتنے، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور حکومتی ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ کسی بھی قسم کے حادثے سے بچا جا سکے۔ سیاحوں کو بھی نلتر اور آس پاس کے علاقوں میں حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔