لاہور: معروف صحافی نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ماضی میں نواز شریف، آصف زرداری اور دیگر سیاستدانوں نے بھی اسٹیبلشمنٹ کے خلاف بیان بازی کی تھی، مگر بعد میں معافی مانگ کر یا مفاہمت کے ذریعے معاملات طے پا گئے۔ ان کے بقول عمران خان کے معاملے میں صورتحال مختلف ہے کیونکہ وہ اسٹیبلشمنٹ کے خلاف بہت آگے جا چکے ہیں۔
نجی ٹی وی چینل کے پروگرام "سیٹھی سے سوال” میں گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ خواجہ آصف بھی ایک دو مرتبہ اسٹیبلشمنٹ کے خلاف بولے، نواز شریف اور آصف زرداری کی طرف سے بھی ماضی میں ایسی باتیں کی گئیں، مگر بعد میں سب نے رجوع کر لیا اور مفاہمت ہو گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ اکثر ایسا ہوتا ہے کہ بیان دینے کے بعد "سوری” کر کے آگے بڑھ جاتے ہیں، وقت کے ساتھ اسٹیبلشمنٹ میں بھی تبدیلی آ جاتی ہے، نئے چیف آ جاتے ہیں، جن سے تعلقات ازسرِنو قائم ہو جاتے ہیں۔ مگر عمران خان کا معاملہ مختلف ہے کیونکہ ان پر تو بغاوت جیسے الزامات بھی لگے ہوئے ہیں۔
یاد رہے کہ اس وقت عمران خان نہ صرف عدالتی معاملات کا سامنا کر رہے ہیں بلکہ عسکری اداروں کے ساتھ ان کے تعلقات بھی شدید تناؤ کا شکار ہیں۔ نجم سیٹھی کا یہ تجزیہ اس کشیدہ صورتحال کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔