نو منتخب گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ وہ صوبے میں مثبت اور سنجیدہ سیاست کو فروغ دیں گے اور شرارت یا محاذ آرائی کی سیاست سے گریز کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں یہ اعزاز مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے ایک عام کارکن ہونے کے باوجود دیا۔
گورنر سندھ کے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد نہال ہاشمی نے مزارِ قائد پر حاضری دی اور بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ کی ترقی اور خوشحالی ان کی اولین ترجیح ہوگی۔
نہال ہاشمی کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کے تمام ادارے فعال کردار ادا کرتے ہوئے صوبے کی ترقی کے لیے کام کریں گے اور سیاسی اختلافات کے باوجود باہمی مشاورت اور تعاون کے ساتھ آگے بڑھا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی آزادی قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت اور قربانیوں کی بدولت حاصل ہوئی، اسی لیے وہ مزار قائد پر حاضری دینے آئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور ذوالفقار علی بھٹو کی سیاسی بصیرت کی وجہ سے آج پاکستان عالمی سطح پر باوقار انداز میں کھڑا ہے۔
نہال ہاشمی کو گورنر سندھ تعینات کرنے کا فیصلہ
گورنر سندھ نے یہ بھی کہا کہ موجودہ حالات میں دنیا میں دو شخصیات کو خاص اہمیت حاصل ہے، جن میں ایک وزیراعظم اور دوسرے ملک کے سپہ سالار ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت لیپ ٹاپ اسکیم کو مزید وسعت دی جائے گی اور سندھ میں نوجوانوں کو جدید تعلیم کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی سندھ میں بڑی تعداد میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے جا چکے ہیں۔
نہال ہاشمی نے مزید بتایا کہ سابق گورنر کامران ٹیسوری سے ان کی ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی تھی اور ان کے عہدہ سنبھالنے سے قبل گورنر ہاؤس میں جاری تمام پروگرام ختم کر دیے گئے تھے۔
