مریم نواز کو جواب دینا ہوگا، اتحادیوں کو نظرانداز نہ کریں: ندیم افضل چن

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما ندیم افضل چن نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے حالیہ بیانات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ "وزیر اعلیٰ کے ووٹ میں ہمارا بھی حصہ ہے، لہٰذا انہیں جواب دینا ہوگا۔” انہوں نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی نے اتحادی جماعت کے طور پر مریم نواز کو وزیر اعلیٰ منتخب کیا ہے، اور ایسے میں ان کے بیانات سے اتحاد کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

latest urdu news

ندیم افضل چن نے کہا کہ ان کا خاندان 1926 سے پنجاب کی سیاست کا حصہ رہا ہے اور پیپلز پارٹی کی بنیاد بھی پنجاب میں رکھی گئی تھی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ وسائل اور پانی پر لسانی سیاست کرنا خطرناک رجحان ہے، جو پاکستان کی وحدت کو کمزور کرنے کے مترادف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سب کا ہے اور اس کے وسائل — پانی، بجلی، گیس اور سونا — بھی تمام پاکستانیوں کا مشترکہ اثاثہ ہیں۔ اس وقت سب سے بڑی ضرورت غربت کے خاتمے اور سیلاب متاثرین کی فوری بحالی ہے، اور تمام اتحادی جماعتوں کو اس پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔

ندیم افضل چن نے قومی اسمبلی میں پیپلز پارٹی کی صفوں میں اتحاد کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ "کوئی تقسیم نہیں، لیکن بار بار پوچھے گئے سوالوں کے جواب نہ دینا مناسب طرز عمل نہیں۔” انہوں نے شکوہ کیا کہ پیپلز پارٹی کے سوالات کا جواب دینے کے بجائے الزامات عائد کیے جا رہے ہیں، جو کسی صورت قبول نہیں۔

پانی چوری پر جواب دینا مریم نواز کی ذمہ داری ہے، رانا ثنا اللہ

رہنما پیپلز پارٹی نے نہری نظام اور کرشنگ سیزن پر حالیہ بیانات کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات صوبائی وحدت کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اتحاد کو برقرار رکھنے کے لیے لچک اور احترام لازم ہے۔

ندیم افضل چن نے کہا کہ اگر مریم نواز کو محترمہ بے نظیر بھٹو کی تصویر پسند نہیں، تو کم از کم سیلاب زدگان کی مدد سے گریز نہ کریں۔ ان کے بقول، "حکومت صرف دو چار بابو چلا رہے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ فیصلہ سازی عوامی نمائندوں کے ذریعے ہو۔”

انہوں نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی عوامی مسائل، کسان کے حقوق اور شفاف انتخابات کے لیے اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی اور پنجاب کے عوام کا مقدمہ ہر سطح پر لڑے گی۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter