مظفرگڑھ میں بس اور ٹریلر میں تصادم، 6 افراد جاں بحق، 18 زخمی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

لنگر سرائے کے قریب افسوسناک حادثہ: جھنگ سے علی پور جانے والی بس ٹریلر سے ٹکرا گئی، جاں بحق افراد میں بچے اور خواتین شامل۔

مظفرگڑھ: علاقے لنگر سرائے کے قریب ایک دلخراش ٹریفک حادثے نے کئی گھروں کو سوگوار کر دیا، جہاں ایک مسافر بس اور ٹریلر کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 18 افراد زخمی ہو گئے۔

latest urdu news

پولیس ترجمان کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں دو مرد، دو خواتین، اور دو کمسن بچے شامل ہیں، جبکہ بس کا ڈرائیور بھی حادثے میں اپنی جان گنوا بیٹھا۔

حادثہ اُس وقت پیش آیا جب جھنگ سے علی پور جانے والی مسافر بس تیز رفتاری کے باعث سامنے سے آنے والے ٹریلر سے ٹکرا گئی۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں، زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی اور انہیں قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر، ڈی ایس پی، اور ایس ایچ او پولیس نفری کے ہمراہ جائے حادثہ پر پہنچے اور صورتحال کا جائزہ لیتے رہے۔ پولیس کے مطابق حادثے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے تفتیش جاری ہے، تاہم ابتدائی طور پر تیز رفتاری یا لاپرواہی کو حادثے کی ممکنہ وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بنوں میں زمین کے تنازع پر دو گروپوں میں تصادم، 5 افراد جاں بحق

پولیس نے جائے وقوعہ کو کلیئر کر کے ٹریفک کی روانی بحال کر دی ہے، جبکہ جاں بحق افراد کی شناخت کے بعد ضروری قانونی کارروائی مکمل کرتے ہوئے لاشیں ورثا کے حوالے کی جا رہی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام نے حادثے پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے اور متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کی ہے۔

یاد رہے کہ جنوبی پنجاب میں قومی شاہراہوں پر بڑھتے ہوئے حادثات کی بنیادی وجوہات میں تیز رفتاری، گاڑیوں کی خراب حالت اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی شامل ہیں۔ ٹریفک حکام کی جانب سے متعدد بار حفاظتی اقدامات کی ہدایات جاری کی گئی ہیں، مگر عمل درآمد نہ ہونے کے باعث ایسے حادثات تسلسل سے پیش آ رہے ہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter