سابق سینیٹر مشتاق احمد خان نے نئی سیاسی جماعت ’پاکستان رائٹس موومنٹ‘ کا اعلان کر دیا

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

سابق سینیٹر مشتاق احمد خان نے ملکی سیاست میں ایک نئے سیاسی سفر کا آغاز کرتے ہوئے اپنی نئی جماعت پاکستان رائٹس موومنٹ کے قیام کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ایک نجی ہوٹل میں ایک تقریب منعقد کی گئی، جس میں جماعت کی مرکزی قیادت، کارکنان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔

latest urdu news

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشتاق احمد خان نے کہا کہ پاکستان رائٹس موومنٹ 1973 کے آئین کی روح کے مطابق سیاست کرے گی اور ملک میں آئین کی بالادستی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن جدوجہد کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ سیاسی اور حکومتی نظام میں عام شہری اپنے بنیادی حقوق سے محروم ہو چکا ہے، جس کی وجہ سے ایک ایسی سیاسی قوت کی ضرورت محسوس کی جا رہی تھی جو حقیقی معنوں میں عوام کی نمائندگی کرے۔

انہوں نے کہا کہ 1973 کا آئین پاکستان میں حاکمیتِ اعلیٰ اللہ تعالیٰ کو تسلیم کرتا ہے اور اسلامی اصولوں کی پاسداری کی ضمانت دیتا ہے، مگر بدقسمتی سے ان اصولوں پر مکمل عملدرآمد نہیں ہو رہا۔ مشتاق احمد خان کے مطابق پاکستان رائٹس موومنٹ کا مقصد چند مخصوص طبقات کی اجارہ داری کا خاتمہ، برابری کا فروغ اور سماجی و معاشی انصاف کا قیام ہے۔

سابق سینیٹر مشتاق احمد خان کی تحریک تحفظ آئین پاکستان میں شمولیت کا فیصلہ

سابق سینیٹر نے واضح کیا کہ ان کی جماعت فوری اور سستے انصاف، آزادیٔ اظہار، معیاری تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی، غربت اور کرپشن کے خاتمے، ماورائے عدالت قتل اور غیر ضروری ملٹری آپریشنز کے خاتمے کے لیے بھرپور جدوجہد کرے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ وفاقی اکائیوں کے درمیان اعتماد کی بحالی اور عوامی حقوق کے تحفظ کو بھی جماعت کی ترجیحات میں شامل کیا گیا ہے۔

مشتاق احمد خان نے موجودہ پارلیمانی نظام پر تنقید کرتے ہوئے اسے غیر مؤثر قرار دیا اور کہا کہ ملک میں صحافت اور اظہارِ رائے پر غیر اعلانیہ پابندیاں عائد ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بے روزگاری، مہنگائی، غذائی عدم تحفظ، منشیات کا پھیلاؤ، ماحولیاتی آلودگی اور کرپشن جیسے مسائل سنگین قومی بحران کی صورت اختیار کر چکے ہیں، جن کا حل صرف عوام دوست اور اصولی سیاست میں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان رائٹس موومنٹ عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور ملک کو ایک منصفانہ اور باوقار ریاست بنانے کے لیے سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter