سابق سینیٹر اور جماعت اسلامی پاکستان کے سینئر رہنما مشتاق احمد خان اسرائیلی قید سے رہائی کے بعد اردن پہنچ گئے ہیں۔ وہ اس وقت عمان میں پاکستانی سفارتخانے میں موجود ہیں اور خیریت سے ہیں۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ان کی رہائی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مشتاق احمد خان گلوبل صمود فلوٹیلا (Global Sumud Flotilla) کا حصہ تھے جسے اسرائیلی افواج نے غزہ جانے سے روک کر حراست میں لیا تھا۔
وزیر خارجہ کے مطابق، مشتاق احمد خان کی صحت تسلی بخش ہے اور ان کا حوصلہ بلند ہے۔ پاکستانی سفارتخانہ ان سے مکمل رابطے میں ہے اور انہیں وطن واپسی میں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔
اسحاق ڈار نے مشتاق احمد خان سمیت تمام پاکستانیوں کی رہائی کے لیے کی جانے والی سفارتی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک یورپی ملک کے ذریعے مسلسل اسرائیلی حکام سے رابطے میں رہا۔ انہوں نے ان کوششوں میں تعاون کرنے والے تمام دوست ممالک کا شکریہ بھی ادا کیا۔
مشتاق احمد کی رہائی کے معاملے میں اہم پیشرفت، دفتر خارجہ نے آگاہ کردیا
یاد رہے کہ مشتاق احمد خان کی گرفتاری پر پاکستان میں سخت ردعمل سامنے آیا تھا، اور انسانی حقوق کی تنظیموں سمیت مختلف سیاسی جماعتوں نے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔