194
سابق نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما مراد سعید اگر 60 دن کے اندر سینیٹ کے فلور پر حلف نہیں لیتے تو ان کی نشست خود بخود خالی تصور کی جا سکتی ہے۔
مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ نومبر 2021 میں پی ٹی آئی حکومت نے ایک قانونی ترمیم کے ذریعے یہ شرط متعارف کروائی تھی کہ ہر نومنتخب رکنِ پارلیمنٹ کو 60 دن کے اندر حلف لینا لازمی ہوگا۔ اگر کوئی منتخب رکن مقررہ مدت کے اندر حلف نہ لے تو اس کی نشست خود بخود خالی قرار پائے گی۔
انہوں نے مراد سعید پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ "مراد سعید ابھی تک منظر عام پر نہیں آئے، انہیں چاہیے کہ عدالتوں سے ضمانت حاصل کر کے سینیٹ کے فلور پر آ کر حلف لیں، بصورت دیگر ان کا انتخاب ضائع ہو جائے گا۔”
یاد رہے کہ مراد سعید اس وقت مختلف مقدمات کے باعث روپوش ہیں اور تاحال سینیٹ کے فلور پر حلف نہیں اٹھا سکے۔