اقوام متحدہ میں پاکستان کے سابق مستقل مندوب منیر اکرم نے ایک انٹرویو میں خبردار کیا ہے کہ بھارت عالمی سطح پر اپنی ساکھ کو بحال کرنے کے لیے پاکستان کو نشانہ بنانے کی کوشش کرے گا۔ منیر اکرم نے کہا کہ اس خطرے کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان کو مکمل چوکس اور تیار رہنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ بھارت عالمی دباؤ اور تنقید کے باوجود اپنی ساکھ بچانے کے لیے پاکستان پر مختلف سطحوں پر دباؤ ڈالنے کی سازشیں کرتا رہے گا، جس سے نمٹنے کے لیے حکام کو ہر ممکن اقدامات کرنے ہوں گے۔
اسی حوالے سے پاکستان چائنا انسٹی ٹیوٹ کے چیئرمین مشاہد حسین سید نے بھی خبردار کیا ہے کہ اسلام آباد موساد (اسرائیل کی خفیہ ایجنسی) کے ممکنہ ہدف میں شامل ہو سکتا ہے، لہٰذا ملک کو ہر قسم کی ممکنہ سازشوں سے بچانے کے لیے نہایت محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔
منیر اکرم نے علاقائی اور عالمی سطح پر گریٹر اسرائیل اور اکھنڈ بھارت کے باہمی گٹھ جوڑ کو سب سے بڑا خطرہ قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک نے اپنی انفرادی ناکامیوں کے باعث اب ایک دوسرے کے ساتھ مل کر علاقائی امن کو نقصان پہنچانے کی کوششیں تیز کر دی ہیں، جو خطے میں عدم استحکام کا باعث بن سکتی ہیں۔