18
ملتان: تحصیل جلال پور پیر والا میں سیلاب متاثرین کو ریسکیو کرنے والی کشتی کے الٹنے کی وجہ زیادہ افراد کا سوار ہونا قرار دی گئی ہے۔ اس حادثے میں ایک خاتون اور چار بچے جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق کشتی میں 30 افراد سوار تھے، جن میں سے 25 کو زندہ بچا لیا گیا۔ ایک خاتون اور تین بچیوں کی لاشیں گزشتہ رات نکال لی گئی تھیں جبکہ تین ماہ کے بچے کی لاش آج برآمد ہوئی۔
تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ کشتی پر سوار ڈوبنے والے متاثرین کو لائف جیکٹس فراہم نہیں کی گئی تھیں۔ ریسکیو 1122 حکام کا کہنا ہے کہ ضلع بھر میں بچوں کے لیے صرف 24 لائف جیکٹس دستیاب ہیں، جو ضرورت کے مقابلے میں انتہائی کم ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق جلال پور پیر والا، جو دو دریاؤں کے سنگم پر واقع ہے، ضلع ملتان کا سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ ہے جہاں سیلاب سے 50 سے زائد دیہات بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔