کراچی کے ممتاز مذہبی اسکالر اور سابق چیئرمین رویتِ ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان ڈینگی بخار میں مبتلا ہونے کے بعد منگل کے روز ایک نجی ہسپتال منتقل کر دیے گئے۔ ڈاکٹرز ان کی حالت پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔
ڈینگی کی تشخیص کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا جہاں انہیں طبی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔ اس موقع پر سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات نے مفتی منیب الرحمان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات اور دعاؤں کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ مفتی منیب الرحمان پاکستان کے معروف دینی رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں اور طویل عرصے تک رویتِ ہلال کمیٹی کے چیئرمین کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے رہے ہیں۔
یاد رہے کہ ڈینگی وائرس مخصوص مچھر کے ذریعے پھیلتا ہے، جبکہ اس مچھر کا لاروا صاف اور ٹھہرے ہوئے پانی میں پروان چڑھتا ہے، یہی وجہ ہے کہ ماہرین احتیاطی تدابیر اپنانے پر زور دیتے ہیں۔
