سندھ اسمبلی میں وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن کا ایم کیو ایم پر شدید تنقید، اقلیتوں کے حقوق کا دفاع اور ڈمپر حادثے کے بعد پرتشدد واقعات پر دہشتگردی کے مقدمات چلانے کا اعلان۔
کراچی ،وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے سندھ اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم اور قیدی نمبر 804 میں کوئی فرق نہیں، بدمعاشوں کو بدمعاشوں کی طرح جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ قومی پرچم کا سفید حصہ اقلیتوں کے حقوق کی علامت ہے اور پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اقلیتوں کو ترجیحی بنیادوں پر نمائندگی دی ہے۔ آصف زرداری کے دور میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے سب سے زیادہ فائدہ اقلیتوں نے اٹھایا۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کبھی مذہبی فساد نہیں ہونے دیا گیا، مشکل وقت میں مسلمان بھائی اقلیتوں کی حفاظت کرتے ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ اس اہم دن پر بھی ایم کیو ایم نے سیاست کی۔
ڈمپر حادثے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دو بچوں کی ہلاکت افسوسناک ہے، پولیس نے ملزم ڈرائیور کو گرفتار کر لیا، لیکن اس کے بعد پرتشدد عناصر نے سات ڈمپرز کو نذر آتش کیا،انہوں نے اعلان کیا کہ ایسے عناصر کے خلاف دہشتگردی کے مقدمات چلائے جائیں گے اور جو بھتہ خوری اور غنڈہ گردی کی سیاست کو فروغ دے گا، اسے بھی نہیں چھوڑا جائے گا۔
حکومت شہر کے امن کو خراب کرنے والوں پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے اور کسی دھمکی سے خوفزدہ نہیں ہوگی۔