وفاقی وزیر تعلیم اور ایم کیو ایم کنوینر خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ پارٹی نے عام آدمی کو ایوانوں میں بھیجا مگر آج چند افراد ایوانوں پر قابض ہیں، جشن آزادی کو مشن آزادی سمجھ کر مناتے ہیں۔
کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کنوینر اور وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم نے عام آدمی کو ایوانوں میں پہنچایا، مگر بدقسمتی سے آج ایوانوں میں چند افراد کا راج ہے۔
یوم آزادی کے موقع پر اپنے بیان میں خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہم جشن آزادی کو مشن آزادی سمجھ کر مناتے ہیں، اور اس بار یہ آزادی ایک منفرد انداز میں منائی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی جدوجہد 40 سال پہلے اس مقصد سے شروع ہوئی تھی کہ ہر شخص کو برابری کے حقوق ملیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا کراچی 2008ء سے پہلے ایسا تھا؟ اور کیا اس طرح کوئی گھر بھی چل سکتا ہے؟
وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک طبقہ ایسا ہے جو 100 فیصد دیتا ہے جبکہ دوسرا طبقہ 100 فیصد خرچ کرتا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جس طرح کینال بیٹھ گئی ہے، اس صورتحال سے ہمیں کے فور منصوبے کے مستقبل پر بھی خدشات ہیں۔