اسلام آباد: نیشنل ہائی ویز اتھارٹی (NHA) نے ملک بھر کی موٹرویز پر نان ایم ٹیگ اور کم بیلنس رکھنے والی گاڑیوں کے لیے ٹول ٹیکس میں پچاس فیصد تک اضافہ کر دیا ہے۔ نئے ریٹس کا اطلاق 15 جون 2025 سے ہوگا، جس کا مقصد ایم ٹیگ سسٹم کو لازمی بنانا اور موٹروے پر ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد سے لاہور موٹروے پر نان ایم ٹیگ یا کم بیلنس رکھنے والی کار کے لیے نیا ٹول 1800 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ لاہور سے عبدالحکیم تک سفر کرنے والی گاڑی کے لیے یہ ٹول 1200 روپے ہوگا۔ پنڈی بھٹیاں سے ملتان کے درمیان نان ایم ٹیگ گاڑی کے لیے ٹول 1600 روپے مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ملتان سے سکھر تک یہ 1800 روپے ہوگا۔ ڈی آئی خان سے ہکلہ موٹروے پر کار کے لیے نیا ٹول 1000 روپے اور حسن ابدال سے مانسہرہ ایکسپریس وے پر 450 روپے رکھا گیا ہے۔
نان ایم ٹیگ اور کم بیلنس والی کمرشل گاڑیوں کے لیے بھی نئے چارجز کا اطلاق کیا گیا ہے۔ لاہور سے اسلام آباد تک دو اور تین ایکسل والے ٹرک کا نیا ٹول 7900 روپے اور آرٹی کیولیٹڈ ٹرک کا ٹول ٹیکس 10200 روپے مقرر کیا گیا ہے۔
این ایچ اے کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے ایم ٹیگ کے استعمال کو فروغ ملے گا، جس سے نہ صرف ٹول پلازوں پر رش کم ہوگا بلکہ گاڑیوں کی روانی میں بھی بہتری آئے گی۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ 15 جون سے قبل اپنی گاڑیوں پر ایم ٹیگ لگوائیں اور بیلنس مناسب حد تک برقرار رکھیں تاکہ اضافی چارجز سے بچا جا سکے۔