12
موٹروے پولیس نے بسوں، کوچز اور مسافربردار گاڑیوں میں ہر سواری کے لیے سیٹ بیلٹ باندھنا لازمی قرار دے دیا، خلاف ورزی پر جرمانہ ہوگا اور گاڑی کو موٹروے میں داخلے کی اجازت نہیں ملے گی۔
اسلام آباد: موٹروے پولیس نے مسافربردار گاڑیوں میں تمام سواریوں کے لیے سیٹ بیلٹ کا استعمال لازمی قرار دے دیا۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق بس ڈرائیور اور عملہ ہر صورت اس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام مسافر سیٹ بیلٹ باندھیں۔ یہ پابندی بسوں، کوچز اور دیگر مسافربردار گاڑیوں پر یکساں طور پر لاگو ہوگی۔
ترجمان نے واضح کیا کہ سیٹ بیلٹ نہ باندھنے کی صورت میں سواری پر جرمانہ عائد کیا جائے گا، جبکہ اگر کسی گاڑی میں سواریوں کے لیے سیٹ بیلٹ موجود نہ ہو تو اسے موٹروے پر داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
موٹروے پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ محفوظ سفر کے لیے سیٹ بیلٹ کے استعمال کو اپنی قانونی اور اخلاقی ذمہ داری سمجھتے ہوئے اس پر عمل کریں۔