موٹروے ایم ٹو پر بلکسر کے قریب بس الٹنے کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق اور 18 زخمی ہو گئے، جاں بحق ہونے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔
راولپنڈی: موٹروے ایم ٹو پر بلکسر انٹرچینج کے قریب ایک افسوسناک حادثے میں نجی کمپنی کی بس الٹنے سے 8 افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ 18 افراد زخمی ہو گئے۔ حادثے کی بنیادی وجہ بس کے سامنے والے الٹی طرف کے ٹائر کا پھٹنا قرار دیا گیا ہے، جس کے باعث ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور بس سڑک پر الٹ گئی۔
موٹروے پولیس کے ترجمان نے تصدیق کی کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ بدقسمت بس راولپنڈی سے لاہور جا رہی تھی اور مسافروں کی اکثریت خواتین اور بچوں پر مشتمل تھی۔
ریسکیو 1122 نے حادثے کے بعد شدید زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال چکوال منتقل کیا، جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 35 سالہ مسماتہ حبیبہ، 8 ماہ کا بچہ حیدر محسن، ایک سالہ نامعلوم بچہ، 26 سالہ امِ حبیبہ محسن، 14 سالہ بچی خدیجہ خلیق، 2 سالہ بچی حرم خلیق، 45 سالہ سردار ندیم، اور 38 سالہ منشا بیگم شامل ہیں۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق کچھ مسافروں کو معمولی چوٹیں آئیں، جنہیں موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ حادثے کے بعد موٹروے پر ٹریفک کا نظام عارضی طور پر متاثر ہوا، تاہم حکام نے جلد ہی صورتحال کو قابو میں کر لیا۔ موٹروے پولیس اور دیگر اداروں کی جانب سے حادثے کی مزید تفتیش جاری ہے تاکہ غفلت کے پہلوؤں کو واضح کیا جا سکے۔