ملک بھر میں مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ جاری

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد، ملک کے مختلف حصوں میں مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے کئی اضلاع متاثر ہو رہے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ یہ سلسلہ 5 سے 8 جولائی تک جاری رہے گا، جس کے دوران تیز بارشوں، گرج چمک اور آندھیوں کا امکان ہے۔

پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) کے مطابق 5 سے 10 جولائی کے دوران صوبے کے کئی علاقوں میں شدید بارشیں متوقع ہیں، جن میں راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ، حافظ آباد اور وزیرآباد شامل ہیں۔ لاہور، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، فیصل آباد، جھنگ، قصور، اوکاڑہ، خوشاب، میانوالی، سرگودھا اور دیگر اضلاع میں بھی بارشوں کی شدت زیادہ ہوگی۔

latest urdu news

پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیا نے خبردار کیا ہے کہ 7 جولائی سے بڑے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے، جس سے ندی نالوں، ہل ٹورنٹس اور برساتی نالوں میں سیلابی کیفیت پیدا ہو سکتی ہے، جب کہ شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ موجود ہے۔

خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع دیر، سوات، مالاکنڈ، بونیر، شانگلہ، کوہستان، ایبٹ آباد، پشاور، مردان، بنوں، لکی مروت، ٹانک اور وزیرستان سمیت کئی علاقوں میں موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ کابل، سوات اور پنجکوڑہ ندیوں میں طغیانی، اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس سے سڑکوں کی بندش اور دیگر مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق درجہ حرارت بھی مختلف علاقوں میں شدید گرمی کی نشاندہی کر رہا ہے، جیسے میر کھنی اور پٹن کوہستان میں 41، بنوں، لوئر چترال اور ڈی آئی خان میں 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

بلوچستان میں بھی موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے، تاہم بارکھان، موسی خیل، کوہلو، زیارت، قلات، خضدار اور دیگر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

ملک بھر میں جاری بارشوں کے سلسلے کے پیش نظر تمام ضلعی و امدادی اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال کا فوری اور موثر جواب دیا جا سکے۔

یاد رہے کہ گزشتہ چند برسوں میں مون سون بارشوں کے دوران اربن فلڈنگ، ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ سے جانی و مالی نقصان سامنے آ چکا ہے، اس لیے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور سرکاری ہدایات پر عمل کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔

 

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter