37
اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے مون سون کے حالیہ سیزن کے دوران ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی تفصیلی رپورٹ جاری کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں سے پیش آنے والے حادثات میں سندھ میں 2 بچے جاں بحق ہو گئے، جس کے بعد رواں سال مون سون کے دوران ملک بھر میں جاں بحق افراد کی تعداد 281 ہو گئی ہے، جبکہ 676 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
- پنجاب میں 151 اموات اور 535 افراد زخمی
- خیبرپختونخوا میں 64 اموات اور 80 زخمی
- سندھ میں 27 اموات اور 40 زخمی
- بلوچستان میں 20 اموات اور 4 زخمی
- گلگت بلتستان میں 9 اموات اور 4 زخمی
- آزاد کشمیر میں 2 اموات اور 10 زخمی
- اسلام آباد میں 8 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوئے
رپورٹ کے مطابق، جاں بحق ہونے والوں میں 97 مرد، 50 خواتین اور 134 بچے شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 260 مرد، 193 خواتین اور 223 بچے شامل ہیں۔
گلگت، آزاد کشمیر میں سیلاب الرٹ؛ بارشیں، لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ
مزید یہ کہ بارشوں کے نتیجے میں اب تک 1,569 مکانات کو نقصان پہنچا ہے، جن میں مکمل تباہی اور جزوی نقصان شامل ہے۔
این ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مون سون کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مقامی حکام سے رابطہ کریں۔