اسلام آباد، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، جس میں ملکی اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
ملاقات میں پاک بھارت کشیدگی، اندرونی سیاسی ماحول اور قومی سلامتی سے متعلق اہم امور زیر بحث آئے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دہشت گردی کے خلاف اقدامات پر بھی امریکی قائم مقام سفیر سے بات چیت کی ہے، جس کی تفصیل آپ یہاں پڑھ سکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کے لیے باہمی مشاورت کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے مولانا فضل الرحمان کی خیریت دریافت کی اور ان کی سیاسی بصیرت کو سراہا، جبکہ مولانا فضل الرحمان نے موجودہ حالات میں قومی یکجہتی کو لازمی قرار دیتے ہوئے ہر سطح پر مشاورت جاری رکھنے پر زور دیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان ملاقات، ملکی و علاقائی صورتحال پر مشاورت، قومی یکجہتی پر زور دیا گیا۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں بھارت کی جانب سے سخت بیانات اور سرحدی کشیدگی کے باعث پاکستان میں سیاسی و عسکری قیادت میں صلاح مشورے کا سلسلہ جاری ہے۔