لاہور، پاکستان کے سابق کرکٹر محمد حفیظ نے بھارتی حملوں کو بزدلانہ اور قابل مذمت قرار دے دیا۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں محمد حفیظ نے کہا کہ بھارت کی طرف سے کیا گیا حملہ ایک غیرقانونی اور شرمناک حرکت ہے، جو ان کی بزدلی کو ظاہر کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم اپنے ملک کے دفاع کے لیے مکمل طور پر یکجا اور پرعزم ہے۔ کرکٹر کے بیان پر سوشل میڈیا صارفین نے بھرپور ردِ عمل دیا اور پاکستان سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا۔
دوسری جانب، سابق تیز گیند باز شعیب اختر نے قومی پرچم کی تصویر شیئر کرتے ہوئے اپنے پیغام میں لکھا کہ تیرا ہر ایک ذرہ ہم کو اپنی جان سے پیارا۔
شعیب اختر کے جذباتی پیغام کو صارفین کی جانب سے خوب سراہا گیا، اور سوشل میڈیا پر تبصروں میں وطن سے محبت کا بھرپور اظہار کیا گیا۔
یاد رہے کہ 6 اور 7 مئی کی درمیانی رات بھارت نے آزاد کشمیر کے مظفرآباد، کوٹلی، باغ، مریدکے اور شگر گڑھ کے شہری علاقوں پر حملہ کیا، جس میں 31 افراد شہید اور 57 زخمی ہوئے۔
جوابی کارروائی میں پاک فوج نے دشمن کو کرارا جواب دیتے ہوئے بھارت کے 5 جنگی طیارے، جن میں 3 رافیل بھی شامل تھے، تباہ کر دیے اور مقبوضہ کشمیر میں کئی بھارتی چوکیاں بھی نشانے پر لائیں۔