اسلام آباد سے تعلق رکھنے والی ایم کیو ایم کی رکن قومی اسمبلی اور پارلیمانی سیکریٹری برائے سائنس و ٹیکنالوجی ڈاکٹر نکہت شکیل آن لائن فراڈ کا نشانہ بن گئیں، جہاں نوسربازوں نے ان کا واٹس ایپ اکاؤنٹ ہیک کر کے اُن کے جاننے والوں سے 15 لاکھ روپے ہتھیا لیے۔
ذرائع کے مطابق، ہیکرز نے خود کو محکمہ موسمیات کے افسران ظاہر کرتے ہوئے بار بار فون کیا اور ایک ویری فکیشن کوڈ طلب کیا۔ نیند کے عالم میں ڈاکٹر نکہت نے لاعلمی میں یہ کوڈ شیئر کر دیا، جس کے بعد ان کا واٹس ایپ اکاؤنٹ ہیک ہو گیا۔ ہیکرز نے ان کے دوستوں، رشتہ داروں اور سیاسی ساتھیوں کو میسجز بھیج کر مختلف بہانوں سے رقم منگوائی، جن میں سے کئی افراد نے بھروسے میں آ کر پیسے بھیج دیے۔
مزید حیران کن بات یہ ہے کہ جب ڈاکٹر نکہت نے متعلقہ بینکوں سے رقوم روکنے یا معلومات دینے کی درخواست کی تو بینکوں نے مدد سے انکار کر دیا۔ انہوں نے یہ معاملہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) میں رپورٹ کیا، لیکن ادارے کا آن لائن پورٹل اکتوبر سے غیر فعال ہے اور شکایت پر کوئی پیش رفت نہیں ہو رہی۔
ڈاکٹر نکہت شکیل نے اس واقعے کے بعد عوام کو خبردار کیا کہ اگر ایک عوامی نمائندہ اتنی آسانی سے فراڈ کا شکار ہو سکتا ہے تو عام شہری کتنے غیر محفوظ ہیں، اس کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
سائبر سیکیورٹی ماہرین نے بھی شہریوں کو تاکید کی ہے کہ کسی بھی نامعلوم نمبر سے موصول ہونے والا ویری فکیشن کوڈ یا لنک ہرگز شیئر نہ کریں کیونکہ اس طریقے سے ہونے والے فراڈ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے