لاہور میں ڈولفن اسکواڈ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے پتوکی سے پانچ روز قبل لاپتا ہونے والی 20 سالہ لڑکی کو تلاش کرلیا۔ پولیس کے مطابق جویریہ نامی لڑکی 25 جون کو گھریلو ناچاقی کے باعث اپنے گھر سے ناراض ہو کر نکلی تھی اور پتوکی سے لاہور پہنچ گئی تھی۔
ڈولفن اسکواڈ کو 15 ہیلپ لائن پر سبزہ زار کے علاقے میں اطلاع ملی کہ لیاقت چوک کے قریب ایک برقع پوش خاتون پریشان حالت میں کھڑی ہے۔ اطلاع ملتے ہی ڈولفن ٹیم موقع پر پہنچی تو لڑکی زار و قطار رونے لگی اور اپنی شناخت ظاہر کی۔
ترجمان کے مطابق جویریہ کی شناخت کے بعد ڈولفن اسکواڈ نے فوری طور پر پتوکی میں موجود اس کے اہل خانہ سے رابطہ کیا۔ لڑکی کے بھائی زوہیب سے رابطہ ہونے کے بعد جویریہ کو تھانہ سبزہ زار کی حفاظتی تحویل میں رکھا گیا، جہاں اہل خانہ کے آنے پر اسے ان کے حوالے کر دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ گھریلو ناچاقیوں کے باعث نوجوان لڑکیوں کا گھروں سے نکل جانا ایک حساس مسئلہ بنتا جا رہا ہے، تاہم پولیس کی فوری رسپانس اور ڈولفن اسکواڈ جیسے یونٹس کی موجودگی ایسے واقعات میں بروقت کارروائی اور اہل خانہ کو ریلیف فراہم کر رہی ہے۔