اسلام آباد، حریت رہنما یاسین ملک کی زوجہ مشعال ملک نے پمز اسپتال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاک بھارت کشیدگی کے دوران زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی اور ان کے حوصلے کو سراہا۔
مشعال ملک نے اسپتال میں زیر علاج کشمیریوں سے ملاقات کے دوران ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ زخمیوں کے عزم و ہمت کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہوں،اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد بھارتی حکومت کا کردار دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں وہ مظفرآباد میں شہید اسامہ کے اہل خانہ سے مل کر آئی ہیں، جس کی دو بہنیں بھی زخمی ہیں، اور ایک بہن کے ہاتھوں پر مہندی لگی ہوئی تھی کیونکہ دس دن بعد اسامہ کی شادی طے تھی، لیکن بھارتی جارحیت نے خوشی کو سوگ میں بدل دیا۔
مشعال ملک نے کہا کہ پاکستانی حکومت زخمیوں کے علاج اور دیکھ بھال کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، اور قوم کی افواج نے دشمن کو دندان شکن جواب دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکا، ترکی، ایران اور دیگر ممالک نے کشیدگی کم کرنے میں کردار ادا کیا ہے، جبکہ آج سعودی عرب میں بھی اہم سفارتی سرگرمی جاری ہے۔
مشعال ملک نے مطالبہ کیا کہ جو بھارتی بی ایس ایف اہلکار گرفتار ہوئے ہیں، ان کے بدلے میں کشمیری قیادت کو رہا کیا جائے، کیونکہ کشمیری طویل عرصے سے اپنی جانوں کی قربانی دے رہے ہیں۔