ایران اسرائیل جنگ بندی کے پیچھے بھی وردی ہے ، محسن نقوی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے انکشاف کیا ہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی میں وزیراعظم پاکستان نے کلیدی کردار ادا کیا، اور پس منظر میں وردی کا ہاتھ بھی موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سیزفائر پر پوری قوم کو فخر ہونا چاہیے کیونکہ پاکستان نے ایک بار پھر عالمی سطح پر قیام امن کے لیے عملی کردار ادا کیا ہے۔

وزیر داخلہ محرم الحرام کے حوالے سے تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے، جہاں وزیر مملکت طلال چودھری بھی ان کے ہمراہ تھے۔ محسن نقوی نے علمائے کرام کی موجودگی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ قیام امن میں ہمیشہ علماء کا کردار قابل ستائش رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد تمام مکاتب فکر کو ساتھ لے کر چلتے ہیں، اور حضرت امام حسینؓ سب کے ہیں، اس لیے محرم الحرام میں مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

latest urdu news

وزیر داخلہ نے کہا کہ اللہ کی نصرت سے بھارت کے ساتھ جنگ میں فتح حاصل ہوئی، بھارتی میزائل اپنے ہدف تک نہیں پہنچ سکے جبکہ پاکستان نے جوابی کارروائی میں بھارتی سویلینز کو نقصان نہ پہنچانے کی حکمت عملی اپنائی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کی طرف سے داغا گیا ایک میزائل بھارت کے آئل ڈپو پر لگا لیکن شہری آبادی محفوظ رہی، فیلڈمارشل کو کسی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا، بھارت کو چار گنا زیادہ نقصان ہوا، اور پاکستان نے یومِ آزادی چار گنا جوش سے منایا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے حساس علاقوں میں علما کرام سے بات چیت ضروری ہے کیونکہ دہشت گردی کا خاتمہ مقامی لوگوں کی مدد کے بغیر ممکن نہیں۔

وزیر مملکت طلال چودھری نے کہا کہ علما کرام نے پورے ملک میں اپنے فرائض بخوبی انجام دیے، وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کا بھرپور ساتھ دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں کسی فرقہ وارانہ تقسیم یا دشمن کے ایجنڈے کا شکار نہیں ہونا، پوری قوم کو متحد رہنا ہوگا۔

اس موقع پر چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ محرم الحرام کے تمام مراحل امن سے گزر رہے ہیں، اور پاکستان نے عالمی سطح پر مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کا عظیم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن بنیان المرصوص میں کامیابی حاصل ہوئی، اور بھارت جیسے مکار ملک کی جارحیت کا بھرپور جواب دیا گیا۔

مولانا کا کہنا تھا کہ ایران نے اسرائیل کو بھرپور جواب دے کر اپنی خودمختاری کا دفاع کیا، جبکہ پاکستان نے بھی اس تناظر میں روشن کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ "اپنے مسلک کو چھوڑو نہیں، اور کسی کے مسلک کو چھیڑو نہیں” کا اصول ہی قومی اتحاد کی ضمانت ہے۔

یاد رہے کہ ایران اسرائیل تنازع کے بعد عالمی سطح پر پاکستان کے کردار کو سراہا جا رہا ہے، اور اس سیزفائر میں ثالثی کا کردار ادا کرنا ایک بڑی سفارتی کامیابی تصور کیا جا رہا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter