مائیکروسافٹ نے پاکستان میں دفتر بند کرنے کا اعلان کر دیا

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

مائیکروسافٹ نے پاکستان میں آپریشن بند کر دیا، 5 ملازمین فارغ — خدمات قریبی دفاتر اور پارٹنرز کے ذریعے جاری رہیں گی۔

اسلام آباد: عالمی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ نے پاکستان میں اپنا دفتر بند کرنے اور پانچ ملازمین کو فارغ کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ اقدام عالمی سطح پر تنظیم نو اور مصنوعی ذہانت کی جانب منتقلی کے تناظر میں کیا گیا ہے۔

latest urdu news

میڈیا رپورٹس کے مطابق مائیکروسافٹ نے پاکستان میں باضابطہ طور پر اپنے آپریشنز بند کر دیے ہیں۔ کمپنی کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ اب پاکستان میں صارفین کو قریبی دفاتر، مقامی پارٹنرز اور آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے خدمات فراہم کی جائیں گی، جیسا کہ دیگر کئی ممالک میں بھی کیا جا رہا ہے۔

ترجمان کے مطابق کمپنی "سافٹ ویئر ایز اے سروس” (SaaS) ماڈل کو ترجیح دے رہی ہے، اور آن-پریمیس سافٹ ویئر ڈپلائمنٹ سے مرحلہ وار علیحدگی اختیار کی جا رہی ہے، جس کی وجہ سے دفاتر کی ضرورت کم ہوتی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ مائیکروسافٹ نے حال ہی میں اعلان کیا تھا کہ وہ دنیا بھر میں اپنے دو لاکھ اٹھائیس ہزار ملازمین میں سے تقریباً 4 فیصد کو فارغ کر رہی ہے۔ اس سے قبل مئی 2025 میں بھی کمپنی نے 6 ہزار ملازمین کی چھانٹی کی تھی۔

کمپنی کا مؤقف ہے کہ ان اقدامات کا مقصد آپریشنل مؤثریت میں بہتری، انتظامی ڈھانچے کو سادہ بنانا، اور مصنوعی ذہانت پر مرکوز مستقبل کی تیاری ہے۔

وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن نے بھی اس پیش رفت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مائیکروسافٹ جیسے بین الاقوامی ادارے سافٹ ویئر کے آن لائن ماڈلز کو اپناتے ہوئے اپنے کاروباری ڈھانچوں کو جدید خطوط پر استوار کر رہے ہیں، اور پاکستان میں دفتر کی بندش اسی عالمی ٹیک رجحان کا حصہ ہے۔

یاد رہے کہ مائیکروسافٹ کا پاکستان میں دفتر بند کرنا اگرچہ علامتی نوعیت کا فیصلہ ہے، تاہم یہ پاکستان کی آئی ٹی مارکیٹ میں بین الاقوامی کمپنیوں کے مستقبل سے متعلق ایک اہم اشارہ ضرور ہے۔ کمپنی کے مطابق صارفین کو بدستور مکمل تکنیکی مدد میسر رہے گی، اور خدمات کی فراہمی متاثر نہیں ہوگی۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter