وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ دماغی صحت کو سنجیدگی سے لینا وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ ایک صحت مند دماغ ہی مثبت سوچ اور تعمیری فیصلوں کی بنیاد رکھتا ہے۔ انہوں نے یہ بات ورلڈ برین ڈے کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ انسانی دماغ خالقِ کائنات کی سب سے حیرت انگیز اور پیچیدہ تخلیق ہے، جو ہماری زندگی کے ہر فیصلے، احساس اور حرکت کا مرکز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ برین ڈے ہمیں یاد دلاتا ہے کہ دماغی امراض پر توجہ دینا کتنا ضروری ہے، کیونکہ دماغی صحت کو نظر انداز کرنا دراصل اپنی پوری زندگی کو نظر انداز کرنے کے مترادف ہے۔
وزیراعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ دماغی بیماریوں میں مبتلا افراد صرف اندرونی اذیت کا ہی شکار نہیں ہوتے، بلکہ اکثر معاشرتی بے حسی اور لاپرواہی کا سامنا بھی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کو اس سوچ کو تبدیل کرنا ہوگا کہ دماغی صحت جسمانی صحت سے کم اہم ہے، کیونکہ دونوں کی حیثیت برابر ہے۔
اپنے پیغام میں انہوں نے یہ بھی بتایا کہ حکومتِ پنجاب دماغی بیماریوں کی روک تھام، علاج اور عوامی آگاہی کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک باخبر، حساس اور صحت مند معاشرہ تبھی تشکیل پا سکتا ہے جب دماغی صحت کو بنیادی انسانی حق تسلیم کیا جائے۔