مزدا بس میں آگ بھڑک اُٹھی، 6 مسافر جھلس کر جاں بحق، 10 زخمی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

کوئٹہ میں مزدا بس اور پیٹرول سے بھرے رکشے کے تصادم کے بعد آگ لگ گئی، 6 افراد جاں بحق، 10 زخمی، حکومت نے تحقیقات کا حکم دے دیا۔

کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے مغربی بائی پاس پر ایک افسوسناک حادثے میں 6 مسافر جھلس کر جاں بحق جبکہ 10 افراد زخمی ہو گئے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب اندرونِ شہر سفر کرنے والی مزدا بس، جو نواں سے ہزار گنجی کی جانب جا رہی تھی، سڑک پر اچانک پیٹرول سے بھرے ایک لوڈنگ رکشے سے ٹکرا گئی۔

latest urdu news

ریسکیو ذرائع کے مطابق تصادم کے فوراً بعد رکشے میں موجود پیٹرول نے آگ پکڑ لی، جو لمحوں میں پھیل کر پوری بس کو اپنی لپیٹ میں لے گئی۔ آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ متعدد افراد بس کے اندر ہی جھلس کر جاں بحق ہو گئے جبکہ دیگر مسافر جان بچا کر نکلنے میں کامیاب رہے، تاہم شدید زخمی ہو گئے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں اور فائر بریگیڈ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ فائر بریگیڈ نے آگ پر قابو پایا جبکہ ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں بعض کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

واقعے کے بعد پولیس نے جائے حادثہ کو گھیرے میں لے لیا ہے اور شواہد اکٹھے کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔

بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد بلوچ نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اس دلخراش حادثے پر شدید دکھ کا اظہار کرتی ہے اور جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو مکمل طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ واقعے کی تحقیقات کا باقاعدہ حکم دے دیا گیا ہے اور رپورٹ کی روشنی میں غفلت یا لاپروائی کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

یاد رہے کہ کوئٹہ میں پبلک ٹرانسپورٹ کی حالتِ زار اور حفاظتی اقدامات کی کمی کے باعث اس نوعیت کے واقعات ماضی میں بھی رونما ہوتے رہے ہیں، جن پر اب تک مؤثر حکومتی اقدامات نہ ہونے کی شکایات سامنے آتی رہی ہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter