9 مئی کے واقعات میں سرکاری املاک کو 10 کروڑ سے زائد کا نقصان، تفصیلات منظر عام پر

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور: 9 مئی 2023 کے پُرتشدد مظاہروں کے دوران لاہور میں سرکاری املاک کو 10 کروڑ 68 لاکھ روپے سے زائد کا نقصان پہنچا۔ ان واقعات میں پولیس اور رینجرز کی 21 گاڑیاں تباہ ہوئیں، جب کہ سیف سٹی کے کیمرے، ٹریفک سگنلز اور دیگر تنصیبات بھی حملوں کا نشانہ بنیں۔

latest urdu news

دنیا نیوز کو موصول ہونے والی سرکاری دستاویزات کے مطابق، 9 مئی کے احتجاجی واقعات میں پولیس، رینجرز، سیف سٹی اتھارٹی اور دیگر اداروں کی املاک کو مجموعی طور پر 10 کروڑ 68 لاکھ 7 ہزار 900 روپے کا مالی نقصان ہوا۔

رپورٹ کے مطابق پولیس اور رینجرز کی 21 گاڑیاں مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہوئیں، جن میں سے صرف سرکاری گاڑیوں کو پہنچنے والا نقصان 8 کروڑ 22 لاکھ 7 ہزار 500 روپے تک پہنچ گیا۔ لاہور کے مختلف تھانوں کی حدود میں درجنوں گاڑیاں نشانہ بنائی گئیں، جب کہ جناح ہاؤس کے اطراف رینجرز کی 12 گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔

ٹریفک سگنلز اور دیگر تنصیبات کو 53 لاکھ 5 ہزار روپے کا نقصان ہوا، جبکہ سیف سٹی منصوبے کے تحت نصب کیمروں کو بھی شدید نقصان پہنچایا گیا۔ دستاویزات کے مطابق، ان کیمروں کی تباہی سے ایک کروڑ 41 لاکھ 37 ہزار 500 روپے کا نقصان ریکارڈ کیا گیا۔ صرف گرجا چوک کینٹ میں کیمروں کو 25 لاکھ 62 ہزار 300 روپے کا نقصان پہنچا، جبکہ شیرپاؤ پل کے قریب 5 لاکھ 18 ہزار روپے مالیت کے آلات تباہ کیے گئے۔

اسی طرح قرطبہ چوک، جیل روڈ اور شالیمار چوک پر بھی سیف سٹی کے کیمروں اور دیگر تنصیبات کو نقصان پہنچایا گیا، جس کی مالیت بھی 5 لاکھ 18 ہزار روپے کے قریب بتائی گئی ہے۔

یہ پُرتشدد واقعات نہ صرف مالی طور پر تباہ کن ثابت ہوئے بلکہ لاہور کے سیکیورٹی اور نگرانی کے نظام کو بھی شدید متاثر کیا۔ یاد رہے کہ 9 مئی 2023 کو چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پُرتشدد مظاہرے پھوٹ پڑے تھے، جن میں عسکری اور سرکاری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ حکومت نے ان واقعات پر سخت ردعمل دیا اور درجنوں مقدمات درج کیے گئے۔

دوسری جانب صوبائی حکومت کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ 9 مئی کے واقعات کے نتیجے میں پنجاب کو 19 کروڑ 70 لاکھ روپے کا مالی نقصان اٹھانا پڑا اور صوبے کے 38 شہروں میں توڑ پھوڑ اور املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter