9 مئی واقعات: ملزمان کو قید بامشقت کی سزا

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

راولپنڈی، انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی نے 9 مئی کے واقعات میں ملوث 20 افراد کو جرم کے اعتراف پر سزائیں سنا دیں۔

جج امجد علی شاہ نے مقدمے کی سماعت کی، جس دوران پراسیکیوشن نے عدالت کو آگاہ کیا کہ گرفتار افراد نے بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری کے بعد اسلام آباد کے علاقے ترنول میں ریلوے اسٹیشن پر ایک منظم حملہ کیا۔

latest urdu news

پراسیکیوشن کے مطابق، حملے میں ریلوے اسٹیشن کی عمارت، کھڑکیاں، دروازے، کمپیوٹرز اور سرکاری ریکارڈ کو نذر آتش کیا گیا اور املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔

سماعت کے دوران بتایا گیا کہ تمام ملزمان نے اپنے جرم کا دفعہ 164 کے تحت اقبالی بیان دیا، انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ پارٹی قیادت کے اکسانے پر جذبات میں آکر قانون شکنی کے مرتکب ہوئے، جس پر وہ اب نادم ہیں۔

ملزمان نے عدالت سے رحم کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ وہ عام مزدور اور کم آمدنی والے افراد ہیں، اور اب کسی غیر قانونی سرگرمی کا حصہ نہ بننے کا عہد کرتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی شکوہ کیا کہ پارٹی قیادت نے ان دو برسوں میں نہ کوئی قانونی مدد فراہم کی اور نہ مالی معاونت دی، جس کے باعث وہ خود کو تنہا اور شرمندہ محسوس کرتے ہیں۔

عدالت نے ان کے اعتراف اور ندامت کو مدنظر رکھتے ہوئے سزا میں نرمی کی اور ہر ایک کو 6 ماہ قید بامشقت اور 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی۔

عدالت نے فوری طور پر ملزمان کو حراست میں لینے اور اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا حکم جاری کر دیا، جبکہ جیل انتظامیہ کو سزا پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter