سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ 9 مئی کے مقدمات سیاسی نہیں بلکہ جرائم پر مبنی ہیں، بھارت کے 5 پاکستانی طیارے گرانے کا دعویٰ جھوٹا اور مضحکہ خیز ہے۔
اسلام آباد، ن لیگ کے رہنما سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ 9 مئی کے مقدمات سیاسی نوعیت کے نہیں بلکہ جرائم سے متعلق ہیں، ایسے واقعات اگر کسی اور ملک میں ہوتے تو نتائج انتہائی سنگین ہوتے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بھارتی فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل اے پی سنگھ کے اس بیان کو بے بنیاد اور مضحکہ خیز قرار دیا، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ مئی میں 4 روزہ جھڑپ کے دوران پاکستان کے 5 طیارے مار گرائے گئے۔
سینیٹر عرفان صدیقی کے مطابق یہ دعویٰ اتنا غیر سنجیدہ ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بھی اسے اپنی طویل پارلیمانی تقریر میں ذکر کے لائق نہیں سمجھا۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی ائیر چیف شاید سمجھتے ہیں کہ ان کے جھوٹ کو سچ مان لیا جائے گا، تاہم حقیقت یہ ہے کہ بھارتی ریاست بہار میں انتخابات کے قریب بی جے پی کی سیاسی پوزیشن کمزور ہو رہی ہے، اور اگر پارٹی وہاں شکست کھا گئی تو مزید مشکلات پیدا ہوں گی۔
عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ بھارت کی بین الاقوامی ساکھ بھی متاثر ہو رہی ہے، پہلگام واقعے پر کسی بھی ملک نے بھارتی مؤقف کی حمایت نہیں کی، جو اس کی سفارتی ناکامی کا ثبوت ہے۔
9 مئی کے واقعات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان مقدمات میں سزائیں سنائی جا رہی ہیں اور سزا یافتہ افراد کو اپیل کا حق حاصل ہے، لیکن واقعات کا اصل پس منظر نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق اگر امریکا، برطانیہ یا بھارت میں کسی جماعت کی طرف سے ایسی کارروائی کی جاتی تو اس کے نتائج نہایت سخت ہوتے۔