وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان نے دیوالیہ پن سے نکل کر دنیا کو معجزہ دکھایا، 10 مئی کو سپہ سالار کی قیادت میں بھارت کو منہ کی کھانی پڑی۔
نارووال میں ستھرا پنجاب ورکرز میں انعامی چیکس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان ایک مضبوط اور تگڑی قوم ہے جس کا عملی مظاہرہ دنیا نے 7 اور 10 مئی کو دیکھ لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ چند سال قبل ایک نااہل حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے کے دہانے پر پہنچا دیا تھا، لیکن موجودہ حکومت نے سخت فیصلوں کے ذریعے ملک کو بچا لیا، آج عالمی سطح پر پاکستان کے دیوالیہ ہونے کی باتیں ختم ہو چکی ہیں اور دو سال میں پاکستان نے معاشی معجزہ کر دکھایا ہے۔
احسن اقبال نے سابقہ حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ایک سیاسی جماعت سوشل میڈیا پر دن رات پاکستان کے خلاف زہر اگلتی رہی اور ملک کی بدنامی کا سبب بنی، انہوں نے کہا کہ 10 مئی کو پوری دنیا نے دیکھ لیا کہ پاکستانی فوج کتنی چوکس اور اہل ہے، وفاقی وزیر نے پاک فوج کے سربراہ کو تاریخ کا سب سے بہادر سپہ سالار قرار دیا اور کہا کہ انہی کی قیادت میں ہندوستان کو جنگی محاذ پر دن میں تارے دکھائے گئے، جس پر بھارت نے امریکہ سے مداخلت کی اپیل کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی خود کو خطے کا تھانیدار سمجھتے تھے، مگر پاکستان کے ساتھ آمنے سامنے ہونے پر ان کا اصل چہرہ بے نقاب ہو گیا، نہ صرف بھارت کو شکست کا سامنا کرنا پڑا بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کے سپہ سالار کو پذیرائی بھی ملی، احسن اقبال نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کے چند عناصر نے قومی مفاد کے خلاف جا کر سپہ سالار کے خلاف نعرے بازی کی، جو بھارت اور اسرائیل کی پراکسی لگتی ہے۔
یاد رہے کہ 7 اور 10 مئی کے واقعات کا سرکاری بیانیہ ان دنوں پاک فوج کی کارروائیوں اور قومی اتحاد کو اُجاگر کرنے پر مبنی ہے، جب کہ اپوزیشن ان دعوؤں پر تنقید کر رہی ہے۔