میٹرک امتحانات:جیل کے قیدی نے تیسری پوزیشن حاصل کرلی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

بنوں، خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں تعلیمی بورڈ نے جماعت نہم و دہم کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے، جس میں سائنس اور آرٹس گروپ کے پوزیشن ہولڈرز کے نام سامنے آ گئے ہیں ، سب سے حیران کن اور متاثر کن کامیابی آرٹس گروپ کے امیدوار دلدراز خان نے حاصل کی، جنہوں نے بنوں سینٹرل جیل میں قید ہونے کے باوجود 1200 میں سے 1005 نمبر حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

تفصیلات کے مطابق، سائنس گروپ میں پہلی پوزیشن رزمک کیڈٹ کالج کے طالبعلم نے حاصل کی، دوسری پوزیشن گورنمنٹ سنیٹیل ماڈل سکول کی طالبہ کے حصے میں آئی، جبکہ تیسری پوزیشن گورنمنٹ ہائی سکول لکی مروت کی طالبہ نے حاصل کی۔

latest urdu news

آرٹس گروپ میں گورنمنٹ گرلز ہائی سکول صدرخیل کی طالبہ ایمن نے 1046 نمبر لے کر اول، عائشہ نے 1041 نمبر کے ساتھ دوم جبکہ دلدراز خان نے 1005 نمبر کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

دلدراز خان اس وقت قتل کے مقدمے میں دفعہ 302 کے تحت بنوں جیل میں قید ہیں، اور انہوں نے پرائیویٹ طالبعلم کے طور پر دسویں جماعت کے امتحانات میں شرکت کی۔

جیل حکام کے مطابق، دلدراز خان کی عمر 54 برس ہے اور وہ نویں جماعت کے امتحانات بھی جیل سے ہی دے چکے ہیں، ان کی محنت اور لگن کو بنوں تعلیمی بورڈ کی جانب سے خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے، جبکہ جیل حکام کو بھی شفاف امتحانی انتظامات اور قیدیوں کی تعلیمی حوصلہ افزائی پر سراہا گیا ہے۔

بنوں بورڈ کے تحت منعقدہ تقریبِ تقسیمِ انعامات میں صوبائی وزیر پختون یار اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔ تقریب میں پوزیشن ہولڈرز کو اسناد اور انعامات بھی دیے گئے، تعلیمی حلقوں کا کہنا ہے کہ دلدراز خان کی یہ کامیابی ثابت کرتی ہے کہ تعلیم کی کوئی قید، عمر یا حد نہیں، اور اگر حوصلہ اور عزم ہو تو حالات جیسے بھی ہوں، کامیابی ممکن ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان کی جیلوں میں قیدیوں کو تعلیم کی سہولت دینا ایک مثبت قدم سمجھا جاتا ہے، اور اس سے نہ صرف ان افراد کی اصلاح کا موقع ملتا ہے بلکہ معاشرتی سطح پر بھی ایک مثبت پیغام جاتا ہے۔ دلدراز خان کی مثال ان تمام افراد کے لیے ایک امید کا پیغام ہے جو زندگی میں نئی شروعات کرنا چاہتے ہیں۔

 

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter