عیدالاضحیٰ پر شاندار صفائی انتظامات، وزیراعلیٰ پنجاب کو ملک بھر سے داد، مریم اورنگزیب

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے عیدالاضحیٰ پر صفائی کے مثالی انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈیڑھ کروڑ ویسٹ بیگز کی تقسیم اور جدید نگرانی نے مہم کو تاریخی کامیابی بنایا، عوام نے عملی نتائج خود دیکھے۔

لاہور میں ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر صوبے بھر میں صفائی کے مثالی اور منظم انتظامات کیے گئے، جن پر وزیراعلیٰ پنجاب کو پورے ملک سے خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صفائی مہم ایک نئی مثال بن کر سامنے آئی ہے، جس کی کامیابی نے سابقہ تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔

latest urdu news

ان کا کہنا تھا کہ قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو مناسب انداز سے ٹھکانے لگانے کے لیے صوبے بھر میں ڈیڑھ کروڑ سے زائد ویسٹ بیگز تقسیم کیے گئے۔ اس کے علاوہ صفائی آپریشن کی نگرانی جدید سیف سٹی کیمروں کے ذریعے کی گئی تاکہ ہر مرحلہ شفاف اور مؤثر طریقے سے مکمل ہو۔

مریم اورنگزیب نے بتایا کہ پنجاب کے تمام اضلاع اور تحصیلوں نے اس صفائی مہم میں بھرپور حصہ لیا۔ ہر علاقے نے ایک دوسرے سے بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کی۔ شدید گرمی کے باوجود ویسٹ مینجمنٹ ورکرز نے بے مثال جذبے سے گھر گھر جا کر آلائشیں جمع کیں، جس پر انہوں نے تمام صفائی عملے اور انتظامی افسران کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ پولیس فورس نے بھی انتظامیہ کا بھرپور ساتھ دیا، جس سے یہ مہم نہ صرف کامیاب ہوئی بلکہ اپنی نوعیت کی ایک منفرد مثال بن گئی۔ ان کے مطابق جب نیت خالص ہو اور مقصد عوامی خدمت ہو تو اس کے نتائج میدانِ عمل میں واضح نظر آتے ہیں۔

انہوں نے اس تاثر کو سختی سے رد کیا کہ یہ سب محض ایک میڈیا مہم کا حصہ تھا، اور واضح کیا کہ پنجاب حکومت نے اس مرتبہ صرف دعوے نہیں کیے بلکہ عملی اقدامات سے عوام کا اعتماد جیتا ہے۔

یاد رہے کہ ماضی میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر صفائی کے ناقص انتظامات پر حکومت کو شدید تنقید کا سامنا رہا ہے، تاہم اس بار پنجاب حکومت کی مربوط حکمت عملی اور عملی اقدامات کو شہریوں کی جانب سے سراہا جا رہا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter