وزیراعلیٰ پنجاب کا انسدادِ منشیات فورس کے باضابطہ آغاز، تعلیمی اداروں سمیت پورے صوبے سے منشیات کے خاتمے کا عزم
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ منشیات فروشوں کے لیے پنجاب میں کوئی جگہ نہیں، صوبے بھر سے جلد منشیات کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے لاہور میں پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کے باضابطہ آغاز کی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جہاں انہوں نے فورس کے اہلکار کو فلیگ سونپا اور پریڈ کا معائنہ بھی کیا۔
تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ قلیل مدت میں انسدادِ منشیات فورس کا قیام ایک حوصلہ افزا قدم ہے، جو اس بات کی علامت ہے کہ اب منشیات کے خلاف جنگ میں کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔
مریم نواز نے کہا کہ نوجوان نسل کو تباہی سے بچانے کے لیے منشیات کا خاتمہ ناگزیر ہے، بالخصوص تعلیمی ادارے اس لعنت سے پاک ہونے چاہئیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ دیرینہ مسائل پر اب کوئی مصلحت نہیں کی جائے گی، پنجاب کو منشیات سے پاک کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعلیٰ نے مزید بتایا کہ انسدادِ منشیات فورس کو صوبے کے تمام ڈویژنز میں فعال کیا جا رہا ہے، جبکہ پولیس میں کرائمز کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے قیام سے جرائم کی شرح میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اب جرائم پیشہ افراد توبہ کرتے ہوئے قرآن پاک اُٹھا کر معافیاں مانگ رہے ہیں۔
مریم نواز نے یہ بھی اعلان کیا کہ انسدادِ تجاوزات فورس بھی جلد کام شروع کرے گی تاکہ شہریوں کو مزید ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ان کی حکومت نوجوانوں، طلبہ اور مستقبل کی نسلوں کو ایک محفوظ اور منشیات سے پاک ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔