یوم تکبیر پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا قوم کیلئے خصوصی پیغام

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یومِ تکبیر کے موقع پر قوم اور امتِ مسلمہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے ایٹمی دھماکے ایک پُرامن اور محفوظ ریاست کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج سے 27 سال قبل، 28 مئی 1998 کو، پاکستان نے ایٹمی دھماکے کر کے نہ صرف اپنے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا بلکہ پوری امتِ مسلمہ کو فخر کا موقع بھی دیا۔

latest urdu news

اپنے پیغام میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پاکستان کو دنیا کی پہلی مسلم ایٹمی قوت بننے کا اعزاز حاصل ہوا۔ یہ وہ دن ہے جب چاغی کے پہاڑوں میں نعرۂ تکبیر کی گونج سنائی دی، جس کی بازگشت آج بھی وطن کی فضاؤں میں محسوس ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج بھی پاکستانی قوم کا سر فخر سے بلند ہے اور ہمیشہ بلند رہے گا۔ دشمن کبھی بھی پاکستان کی سرزمین کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی ہمت نہیں کر سکتا۔ مریم نواز نے کہا کہ 10 مئی کی فتح کی بنیاد 28 مئی کو رکھی گئی تھی، اور جب بھی دشمن کو منہ توڑ جواب ملا، پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت میں ملک نے جرات مندانہ فیصلے کیے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستانی قوم آج بھی مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کی شکر گزار ہے، جنہوں نے قومی خودداری کو فوقیت دی اور عالمی دباؤ کے باوجود پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ دن ہماری قومی خودمختاری، سلامتی اور جرات کی علامت ہے، جسے ہم ہمیشہ شان و شوکت سے مناتے رہیں گے۔

یاد رہے کہ 28 مئی 1998 کو پاکستان نے بلوچستان کے مقام چاغی میں چھ ایٹمی دھماکے کر کے بھارت کے پانچ ایٹمی تجربات کا مؤثر جواب دیا تھا۔ اس دن کو پاکستان میں "یومِ تکبیر” کے طور پر منایا جاتا ہے اور اسے ملک کی دفاعی تاریخ کا اہم ترین سنگِ میل تصور کیا جاتا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter