خصوصی بچوں کی تعلیم کے لیے پنجاب حکومت اور برٹش کونسل کے درمیان اشتراک، اسکول سربراہان کو ایوارڈز، بین الاقوامی تربیتی پروگرام متعارف
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں خصوصی بچوں کی تعلیم کے میدان میں ایک اہم اور تاریخی پیش رفت ہوئی ہے۔ پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ محکمۂ خصوصی تعلیم اور برٹش کونسل کے درمیان باضابطہ معاہدہ طے پا گیا، جس کا مقصد خصوصی تعلیم میں بین الاقوامی معیار کو فروغ دینا ہے۔
معاہدے پر دستخط کی تقریب میں معاونِ خصوصی برائے اسپیشل ایجوکیشن ثانیہ عاشق نے شرکت کی اور برٹش کونسل کے کنٹری ڈائریکٹر جیمز ہیمپسن کو حکومتِ پنجاب کی پالیسیوں اور اقدامات سے آگاہ کیا۔ برٹش کونسل نے خصوصی تعلیم کے شعبے میں تکنیکی معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
تقریب کے دوران اسکول کنیکٹ پروگرام کے تحت نمایاں کارکردگی دکھانے والے اسکولوں کے سربراہان کو "ایوارڈز آف ایکسیلنس” سے نوازا گیا۔
مریم نواز کا طلبہ کو 1 لاکھ ای بائیکس اور 50 ہزار اسکالرشپ دینے کا اعلان
اس موقع پر معاونِ خصوصی ثانیہ عاشق نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر خصوصی بچوں کو تعلیم، صحت اور باوقار زندگی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ آٹزم اور شمولیاتی تعلیم جیسے حساس موضوعات پر بین الاقوامی تربیتی تبادلہ پروگرام کا آغاز ناگزیر ہو چکا ہے، جس کے لیے برطانیہ کے تجربات سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا۔
برٹش کونسل کے کنٹری ڈائریکٹر جیمز ہیمپسن نے کہا کہ پنجاب میں خصوصی بچوں کو بااختیار بنانے کے لیے نئی راہیں متعین کی جا رہی ہیں اور اس ضمن میں برٹش کونسل بھرپور تعاون فراہم کرے گی۔
یہ معاہدہ خصوصی بچوں کے لیے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے، اساتذہ کی تربیت اور بین الاقوامی تجربات کے تبادلے کے حوالے سے ایک انقلابی قدم قرار دیا جا رہا ہے۔