این ایف سی شیئر میں پنجاب کو سب سے کم حصہ ملتا ہے، مریم نواز

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ کے تحت پنجاب کو دیگر صوبوں کے مقابلے میں سب سے کم حصہ ملتا ہے، حالانکہ صوبے کی آبادی سب سے زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر صوبے کے پاس این ایف سی کے تحت وافر وسائل موجود ہیں، مگر اس کے باوجود پنجاب محدود وسائل میں بھی عوامی فلاح کے منصوبوں پر بھرپور توجہ دے رہا ہے۔

latest urdu news

لودھراں میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے پاس جتنا بھی بجٹ ہے وہ براہِ راست عوام پر خرچ ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو صوبے یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ پنجاب کے پاس بہت زیادہ پیسہ ہے، دراصل وہ اپنی نااہلی اور کرپشن چھپانے کے لیے ایسے بیانات دیتے ہیں۔

مریم نواز نے تنقید کرنے والوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مخالفین کو عوامی مسائل سے زیادہ پروٹوکول اور سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کی فکر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ صوبوں میں عوام بھوک کا شکار ہیں اور بنیادی انفرا اسٹرکچر تباہی کا منظر پیش کر رہا ہے، جبکہ پنجاب میں ترقیاتی منصوبے تیزی سے مکمل کیے جا رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے اعلان کیا کہ 2026 پنجاب کے نوجوانوں کا سال ہوگا اور نوجوانوں کے لیے ایسے اقدامات کیے جائیں گے کہ دنیا حیران رہ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ پنجاب کے نوجوانوں کے خواب ٹوٹنے نہیں دیں گی اور تعلیم و روزگار کے مواقع کو ترجیح دی جا رہی ہے۔

حکومت نے 11 ویں این ایف سی ایوارڈ کے لیے 8 ورکنگ گروپس قائم کر دیے

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال میں 80 ہزار طلبہ کو اسکالرشپس فراہم کی گئیں، جبکہ ایک سال کے دوران سوا لاکھ گھروں کی تعمیر کا عمل جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر ہو یا دیہات، ستھرا پنجاب مہم کے تحت صفائی کے نظام کو مؤثر بنایا جا رہا ہے۔

امن و امان پر بات کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ سی سی ڈی بہترین کام کر رہی ہے اور پنجاب کو جرائم سے پاک بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم کو انہوں نے اپنی ریڈ لائن قرار دیا اور کہا کہ ہراسگی کے واقعات پر پولیس فوری کارروائی کرتی ہے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ جو امن ماضی کے مرد وزرائے اعلیٰ قائم نہ کر سکے، وہ ایک خاتون وزیراعلیٰ نے کر دکھایا ہے اور آج پنجاب خواتین کے لیے ایک محفوظ صوبہ بن چکا ہے۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے عملی کام کرنا ضروری ہے، محض انتشار، تشدد اور منفی سیاست سے ملک کو آگے نہیں بڑھایا جا سکتا۔ پاکستان اب دوبارہ ترقی کے ٹریک پر واپس آ چکا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter