وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جمہوریت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ جمہوریت محض حکومت بنانے کا طریقہ نہیں بلکہ یہ عوام اور ریاست کے درمیان اعتماد کا ایک مضبوط اور پائیدار رشتہ ہے۔ ان کے مطابق جمہوریت وہ نظام ہے جس میں عوام کی رائے کو مقدم رکھا جاتا ہے، اور یہی رائے کسی قوم کی ترقی کی اولین سیڑھی ہوتی ہے۔
مریم نواز نے آئین کی حفاظت کو جہاد قرار دیتے ہوئے اُن تمام لوگوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جو اس مقصد کے لیے کوشاں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت میں عوام کی رائے سے ہٹ کر فتنہ، فساد اور تشدد کے ذریعے سوچ مسلط کرنا جمہوریت کی روح کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب جمہوریت مضبوط ہوگی تو نہ صرف معیشت ترقی کرے گی بلکہ تعلیم، صحت اور بنیادی سہولیات کا دائرہ بھی عوام تک پہنچے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ جمہوریت وہ نظام ہے جس میں اقتدار عوام کے دروازے پر آتا ہے، یہ نظام نوجوانوں کے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کا راستہ فراہم کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اختلاف رائے جمہوریت کی بنیادی خوبی ہے، جسے دشمنی یا نفرت میں نہیں بدلنا چاہیے بلکہ اسے سیکھنے، سمجھنے اور برداشت کرنے کا ذریعہ بنانا چاہیے۔
شہباز حکومت کے 16 ماہ میں 13 ہزار ارب روپے سے زائد قرضے کا اضافہ
مریم نواز نے اپنے بیان کے آخر میں کہا کہ پاکستان کی جمہوریت کو صرف بچانا کافی نہیں، بلکہ اسے مضبوط، فعال اور دنیا کے لیے ایک مثال بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کے مطابق جمہوریت کو ایسی پائیدار میراث بنایا جائے گا جو آنے والے وقتوں کی ہر آزمائش پر پورا اترے۔