مریم نواز نے لاہور میں پیرا فورس کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی، ذخیرہ اندوزی اور تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی ہوگی، قانون سب کے لیے برابر ہے۔
لاہور، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ان کی سیاست کا واحد مقصد عوامی خدمت ہے اور وہ عوام سے کیے گئے ہر وعدے کو حقیقت کا رنگ دے رہی ہیں۔
لاہور میں پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں مصنوعی مہنگائی، ذخیرہ اندوزی اور تجاوزات کے خلاف کارروائی کے لیے پہلے کوئی مؤثر نظام موجود نہیں تھا، جس خلا کو اب پیرا فورس مکمل کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ پیرا فورس کو جدید ٹیکنالوجی اور تربیت سے لیس کیا گیا ہے تاکہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ یہ فورس نہ صرف ناجائز منافع خوری پر قابو پائے گی بلکہ بازاروں اور سڑکوں سے تجاوزات کا خاتمہ بھی ممکن بنائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ "تنگ بازار خواتین کے لیے ہراسمنٹ کا باعث بن رہے تھے، پیرا فورس اب ان بازاروں کو کشادہ اور محفوظ بنائے گی۔”
مریم نواز نے بتایا کہ پیرا میں پورے پنجاب سے ایماندار اور فرض شناس افسران کو تعینات کیا گیا ہے جو کسی دباؤ یا سیاسی اثر کے بغیر عوام کی خدمت کریں گے۔ انہوں نے کہا، "پیرا کا ہر جوان مظلوم کی حفاظت کرے گا اور منافع خور قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکے گا۔”
پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کا حق تسلیم، ہاؤس کی حرمت تحریری معاہدے سے مشروط
تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے اس بات پر زور دیا کہ قانون کی بالادستی ان کی حکومت کا بنیادی اصول ہے۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ "جس افسر نے میرے بیٹے کا چالان کیا، میں نے اسے شاباش دی، کیونکہ قانون سب کے لیے برابر ہے۔”
انہوں نے نوجوانوں کو پاکستان کا فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی صلاحیت اور محنت دیکھ کر یقین ہوتا ہے کہ ملک کا مستقبل روشن ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پیرا فورس جلد ہی پورے پنجاب میں عوامی بھلائی کی ایک مضبوط علامت بن کر ابھرے گی، اور یہ نظام قانون کی بالادستی، شفافیت اور مؤثر نگرانی کو یقینی بنائے گا۔
یاد رہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے پیرا فورس کا قیام صوبے میں ذخیرہ اندوزی، ناجائز منافع خوری اور تجاوزات جیسے مسائل پر مؤثر کارروائی کے لیے عمل میں لایا گیا ہے۔ یہ فورس مقامی سطح پر انتظامی عمل داری کو مضبوط بنانے اور عوام کو براہِ راست ریلیف دینے کے لیے ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے۔