چنیوٹ میں سیلاب متاثرین کے لیے لگائے گئے پورٹیبل واش رومز کی ایک تصویر حالیہ دنوں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ یہ سہولت وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے حکم پر متاثرین کے لیے فراہم کی گئی ہے۔ تاہم اس تصویر نے جہاں سراہا جانے کا امکان تھا، وہیں شدید تنقید اور تنازع کو بھی جنم دے دیا۔
اصل تنازع اس وقت کھڑا ہوا جب صارفین نے دعویٰ کیا کہ یہی تصویر 2023 میں OLX پر موجود ایک اشتہار کا حصہ تھی۔ بہت سے صارفین نے سوشل میڈیا پر یہ الزام لگایا کہ مریم نواز نے پرانی تصویر کو حالیہ منصوبے کا حصہ ظاہر کیا، اور کچھ نے اسے "جعلی خبر” تک قرار دے دیا۔
ایک صارف نے ایکس (سابق ٹوئٹر) پر لکھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عوام کو گمراہ کر رہی ہیں، جب کہ دوسرے نے طنزیہ کہا کہ "محترمہ کو اپنی PR ٹیم کو فارغ کر دینا چاہیے”۔ سوشل میڈیا پر یہ معاملہ اتنا زور پکڑ گیا کہ مریم نواز کی پوسٹ پر براہِ راست ایکس انتظامیہ کو ٹیگ کر کے شکایت بھی درج کی گئی۔
تاہم، سوشل میڈیا پر تنقید بڑھنے کے بعد صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری نے اس معاملے پر وضاحت پیش کی۔ انہوں نے حالیہ تصاویر اور ویڈیوز شیئر کیں جن میں واضح طور پر چنیوٹ کے ریلیف کیمپ میں پورٹیبل واش رومز کی تنصیب دکھائی گئی۔ ان تصاویر کے ساتھ جیومیٹرک ٹیگز بھی فراہم کیے گئے تاکہ ان کے حقیقی اور موجودہ وقت میں بننے کی تصدیق ہو سکے۔
پنجاب میں سیلاب سے 46 افراد جاں بحق، 35 لاکھ سے زائد متاثر، 3 ہزار 944 مواضع زیرِ آب
اگرچہ حکومت نے فوری ردعمل دیتے ہوئے صورتحال کو واضح کر دیا، لیکن ایک غلط تصویر کا انتخاب حکومتی ساکھ کے لیے دھچکا ثابت ہوا۔ اس معاملے نے ایک بار پھر اس بات کو نمایاں کیا کہ ڈیجیٹل دور میں معلومات کی درستگی اور شفافیت کس قدر اہمیت رکھتی ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب عوام کسی بھی دعوے پر فوری ردعمل دیتے ہیں۔