وزیراعلیٰ مریم نواز نے جنگ کے دوران غیر معمولی کردار ادا کیا، عظمیٰ بخاری

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور، وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے مشکل حالات میں نہایت متحرک اور قائدانہ کردار ادا کیا۔

بیرسٹر سیف کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ آپ کو اگرچہ وزیر اطلاعات کہا جاتا ہے، لیکن آپ نہ معلومات رکھتے ہیں نہ تحقیق، آپ کو جو کاغذ تھمایا جاتا ہے وہی میڈیا پر گھما دیتے ہیں۔

latest urdu news

انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے اپنی تقاریر سے پاک فوج کے حوصلے بلند کیے، جب ڈرونز حملے جاری تھے تب بھی انہوں نے پنجاب کی سول مشینری کو فعال اور الرٹ رکھا، جبکہ دوسری طرف علی امین گنڈاپور اس دوران اڈیالہ جیل کے آس پاس دکھائی دیے اور غیر سنجیدہ حرکات کرتے رہے۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے جنگ کے دوران کوئی مؤقف نہیں اپنایا، علیمہ خان اس صورتحال کو نورا کشتی قرار دیتی رہیں اور جنگ کو ملی بھگت سے تعبیر کرتی رہیں۔ تحریک انصاف کی قیادت ان نازک لمحوں میں منظر سے غائب رہی۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ تحریک انصاف کا سوشل میڈیا ملک و افواج کے خلاف پروپیگنڈے میں مصروف رہا، اور قوم کو گمراہ کرنے کی مہم میں پیش پیش نظر آیا، جب بھی قوم یکجہتی کا مظاہرہ کرتی ہے، تحریک انصاف ہمیشہ مخالف صف میں دکھائی دیتی ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ حالیہ حالات نے کئی چہروں کو بے نقاب کر دیا ہے، ایک طرف قوم اپنی فوج کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی رہی، دوسری طرف تحریک انصاف کی قیادت افواہوں میں مصروف رہی۔

قوم اب بخوبی سمجھ چکی ہے کہ تحریک انصاف کن کے ایجنڈے پر کام کرتی ہے اور ان کی اصل وفاداریاں کہاں ہیں۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter