والدین کی بے لوث محبت میری زندگی کا انمول اثاثہ ہے، مریم نواز

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے والدین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں والدین کو زندگی کی ٹھنڈی چھاؤں قرار دیتے ہوئے ان کی خدمت اور اطاعت کو اللہ کا حکم، سنت رسول ﷺ اور مشرقی روایت قرار دیا۔

latest urdu news

لاہور سے جاری بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے والدین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے جذباتی پیغام میں کہا ہے کہ والدین کی بے لوث محبت ان کی زندگی کا سب سے قیمتی اثاثہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ زندگی کی کٹھن راہوں میں والدین ٹھنڈی چھاؤں کی مانند ہوتے ہیں، جن کی دعائیں، قربانیاں اور شفقت اولاد کے لیے بنیاد کی حیثیت رکھتی ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ والدین کی اطاعت نہ صرف اللہ تعالیٰ کا حکم ہے بلکہ یہ رسول اکرم ﷺ کی سنت اور مشرقی تہذیب کا بنیادی ستون بھی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ والدین کے بغیر گھر محض اینٹوں کا ڈھانچہ ہوتا ہے، جبکہ ان کی موجودگی معمولی سے کمرے کو بھی جنت میں بدل دیتی ہے۔

انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ آج جو مقام انہیں نصیب ہوا ہے وہ صرف والدین کی دعاؤں اور ان کی نیک تربیت کا نتیجہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے والدین کی خدمت اور اطاعت کو زندگی کا سب سے بڑا اعزاز سمجھتی ہیں اور ہر بچے کو یہی تلقین کرتی ہیں کہ وہ والدین کے احترام، خدمت اور نگہداشت کو اپنا اولین فرض سمجھ کر ادا کریں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے اس موقع پر ان بچوں کو بھی یاد رکھنے کی اپیل کی جن کے والدین وطن عزیز کی سلامتی پر قربان ہو چکے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے ان عظیم والدین کو بھی خراج عقیدت پیش کیا جن کے سپوت مادر وطن پر قربان ہوئے۔

یاد رہے کہ والدین کا عالمی دن ہر سال 1 جون کو منایا جاتا ہے تاکہ والدین کے کردار، قربانیوں اور شفقت کو خراج تحسین پیش کیا جا سکے۔ اس دن کا مقصد معاشرے میں والدین کے مقام و مرتبے کو اجاگر کرنا اور نئی نسل کو ان کے حقوق و احترام کی جانب متوجہ کرنا ہوتا ہے۔ پاکستان میں بھی یہ دن ہر سال عقیدت و محبت سے منایا جاتا ہے، اور مختلف سیاسی و سماجی شخصیات کی جانب سے اس حوالے سے خصوصی پیغامات جاری کیے جاتے ہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter